کوئٹہ:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے ایک منظم گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان ایک بین الاقوامی گینگ کا حصہ ہیں جو افغانستان، دبئی اور آسٹریلیا سے غیر قانونی طور پر رقوم کی ترسیل میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 33 ملین ایرانی ریال، دو موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے بارے میں حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوئٹہ اور قریبی علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔