علی امین گنڈاپور نے پاسپورٹ بلاک اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

علی امین گنڈاپورخیبرپختونخوا کےچیف ایگزیکٹو ہیں، سرکاری معاملات کے سلسلے میں بیرون ملک جانا پڑتا ہے، درخواست میں مؤقف


یاسر علی September 12, 2025
فوٹو: فائل

پشاور:

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاسپورٹ بلاک ہونے اور ان کا نام ای سی ایل سمیت مختلف لسٹوں میں شامل کرنے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی اور اس اقدامات کو غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بشیر وزیر ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی وزارت داخل، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف ائی اے)، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن و دیگر کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور انہیں مختلف سرکاری معاملات اور انتظامی امور کے سلسلے میں بیرون ملک سفر کرنا پڑتا ہے لیکن ان کا نام غیرقانونی طور پر بلیک لسٹ کیا گیا ہے اور ان کا پاسپورٹ بلاک کرنے کے علاوہ نام ای سی ایل و دیگر فہرستوں میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ وہ بطور وزیراعلی لوگوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی خدمت میں لگے ہیں اور انہیں سفارتی امور اور دیگر معاملات کے لیے بیرون ملک دورے کرنے پڑتے ہیں تاہم ان کا نام غیرقانونی طور پر ای سی ایل اور دیگر فہرستوں میں ڈالا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے وکیل بشیر وزیر کے مطابق اس ضمن میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کیا تاہم اس کی تجدید نہیں کی جا رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو نوٹس دیے بغیر ان کا نام مختلف فہرستوں میں ڈال کر انہیں بیرون ملک سفر سے روکا گیا ہے جبکہ آئین نے بھی انہیں اجازت دے رکھی ہے لیکن وزیراعلیٰ کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو وزیراعلیٰ کا نام ای سی ایل، پی سی ایل اور این سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے اور ان کا پاسپورٹ بحال کرکے انہیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی لیگل ٹیم نے بتایا کہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

مقبول خبریں