کراچی:
ڈیفنس کے علاقے فیز 6 خیابان شہباز میں رہائش پذیر سابق رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد صدیقی کے بنگلے سے نامعلوم ملزمان بھاری مالیت کی نقدی، غیر ملکی کرنسی، طلائی بسکٹ اور اسلحہ چوری کر کے فرار ہوگئے، درخشاں پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرلیا۔
سابق رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کے پرائیویٹ گارڈ شاہنواز کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شاہنواز نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ 11 ستمبر کو وہ بنگلے میں سوگیا تھا اور صبح آفتاب صدیقی نے فون کر کے اندر بلایا اور بتایا کہ ان کے باتھ روم میں موجود الماری کے دروازے کا لاک ٹوٹا ہوا ہے اور اس کا سامان بکھرا ہوا ہے۔
مدعی کے مطابق آفتاب صدیقی نے بتایا کہ ان کا لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول، 50 گولیاں، ایک لاکھ روپے نقد، 15 ہزار سعودی ریال، 3 سونے کے بسکٹ (30 تولہ) اور بریف کیس غائب ہے۔
درخشاں پولیس نے مدعی کے بیان کی روشنی میں مقدمہ نمبر 709 سال 2025 بجرم دفعہ 380 اور 457 کے تحت مقدمہ درج کر کے انوسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے واردات کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔