لاہور:
قومی کرکٹر صہیب مقصود کے ساتھ کار شو روم کے مالک نے مبینہ طور پر بڑا فراڈ کردیا۔ کرکٹر کے مطابق ان کی قیمتی گاڑی ان کی اجازت اور اصل کاغذات کے بغیر فروخت کردی گئی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صہیب مقصود نے بتایا کہ ان کی گاڑی جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے شوروم مالک نے فروخت کردی جبکہ اصل کاغذات اب بھی ان کے پاس موجود ہیں۔
صہیب مقصود کے مطابق دھوکے باز نے انہیں بدلے میں ایک ایسی گاڑی دی جس کے کاغذات جعلی نکلے اور اس کے ساتھ ساتھ ان سے مزید 70 لاکھ روپے بھی ہتھیا لیے۔
کرکٹر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، پنجاب پولیس اور دیگر حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دیں۔
صہیب مقصود نے مزید بتایا کہ آٹھ ماہ بعد انہیں اپنی گمشدہ گاڑی لاہور کے ایک گھر میں ملی لیکن جب انہوں نے اسے واپس لینے کی کوشش کی تو وہاں موجود شخص نے دعویٰ کیا کہ اس نے گاڑی خریدی ہے اور پولیس بھی اسے واپس نہیں لے جا سکتی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک قومی کھلاڑی کے ساتھ ایسا فراڈ ہو سکتا ہے تو عام شہری کس حد تک غیر محفوظ ہوں گے۔ سوشل میڈیا صارفین نے صہیب مقصود سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔