لاہور:
تھانہ بھاٹی گیٹ میں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں نے آسٹریلوی شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور متاثرہ شہری خواجہ ذیشان نے تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف درخواست جمع کروا دی۔
متاثرہ شہری خواجہ ذیشان نے درخواست میں بتایا کہ 24 اکتوبر کو ٹبی سٹی کے علاقے میں تین اہلکاروں نے روکا اور تشدد شروع کر دیا جبکہ پولیس اہلکاروں نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن آپ نہیں رُکے۔
درخواست میں کہا کہ پولیس اہلکاروں کی مبینہ مارپیٹ سے چہرہ لہولہان، ہاتھوں اور ٹانگوں پر زخموں کے نشانات آئے ہیں، پولیس اہلکار تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تھانہ بھاٹی گیٹ لے گئے۔
متاثرہ شہری نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے موبائل فون چھین لیا اور گاڑی کی چابیاں بھی لے لیں، بھانجی اور اس کے شوہر نے تھانے پہنچ کر جان خلاصی کرائی اور گاڑی میں موجود تین ہزار آسٹریلوی ڈالر بھی اہلکاروں نے چرا لیے ہیں۔
خواجہ ذیشان نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ آسٹریلیا کا شہری ہوں اور پولیس اہلکاروں نے زیادتی کی ہے لہٰذا انصاف دیا جائے۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ واقعہ کب ہوا، کیسے ہوا چیک کر رہے ہیں۔