کراچی، طارق روڈ پر کسٹم حکام کا چھاپہ، دکانداروں کا احتجاج، فائرنگ سے ایک شخص زخمی

پولیس اور سندھ رینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے


اسٹاف رپورٹر November 10, 2025

کراچی:

شہر قائد کے معروف تجارتی مرکز طارق روڈ پر کسٹم حکام نے معمار شاپنگ مال میں اسمگل شدہ کپڑوں کی برآمدگی کے لیے کارروائی کی جس کے دوران صورتِ حال کشیدہ ہوگئی۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دکانداروں نے مزاحمت کی اور ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

چھیپا ریسکیو کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت شارع مسیح کے نام سے کی گئی۔

چھاپے کے دوران پولیس اور سندھ رینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دوسری جانب دکانداروں نے طارق روڈ سگنل کے قریب احتجاجاً آگ لگا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی اسمگل شدہ کپڑوں کی برآمدگی کے لیے کی گئی جبکہ صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔

مقبول خبریں