کراچی:
شہر قائد میں ڈیفنس کے علاقے بدر کمرشل، اسٹریٹ سیون اے فیز 5 میں ایک فلیٹ سے لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 17 سالہ زینب کے نام سے کی گئی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا شبہ ظاہر کر رہا ہے تاہم پولیس متوفیہ کے ورثا سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے اور جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق زینب کا تعلق سیالکوٹ سے تھا اور اس کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی۔
متوفیہ چند روز قبل اپنے شوہر کی خالہ کے گھر آئی تھی جو چوتھی منزل پر واقع ہے جبکہ لاش چار منزلہ عمارت کی چھت پر فرش پر پڑی ہوئی تھی اور گلے میں دوپٹہ کا پھندا لگا ہوا تھا۔
متوفیہ کے شوہر جو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ہے واقعہ کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔
پولیس نے متوفیہ کے شوہر کی خالہ اور کزن کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔