ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس کا بلوچستان میں انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں دورہ

غیر قانونی فصلوں کی درست اور بروقت نشاندہی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا


ویب ڈیسک December 15, 2025

ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان میں انسداد منشیات اور پوست تلفی مہم برائے 2025/2026 کے سلسلے میں دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے بلوچستان کے اُن دور دراز علاقوں کا دورہ کیا جہاں ممنوعہ فصل کی غیر قانونی کاشتکاری کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کی انسداد منشیات مہم کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے، رواں سال فصل بیجنے کے آغاز سے ہی، تمام اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کی بھرپور شرکت اور مشترکہ لائحہ عمل پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں ڈی جی اے این ایف کی سربراہی میں، دالبندین چاغی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کیا گیا۔ جس میں تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے، اپنے اداروں کی نمائندگی کی۔

اجلاس میں طے پایاکہ امسال غیر قانونی طور پر کاشت کی جانے والی فصلوں کا ،اگاؤ کے موقع پر ہی خاتمہ کیا جائے گا تاکہ بعد میں تیار کھڑی ، پوست و بھنگ کی فصلوں کو تلف کرنے کی نوبت ہی نہ آنے پائے۔

مہم کی کامیابی کے لئے صوبائی سطح پر مشترکہ ٹاسک فورسز تشکیل دی گئی ہیں تاکہ غیر قانونی فصلوں کے خطرے سے دوچار علاقوں کی درست اور بروقت شناخت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان اقدامات سے حکومت کی دلچسپی اور انداز کار میں تبدیلی کا اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے- اس سال، غیر قانونی فصلوں کے ردعمل میں تلفی کی کارروائیوں کے بجائے، فصلوں کے اگاؤ سے پہلے ہی پیشگی اقدامات کے ذریعے ان کے خاتمہ کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔

ایک مربوط چیکنگ نظام کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز، قانون پر عملدرآمد کروانے کے ساتھ ساتھ، جرائم پیشہ عناصر کے دل میں جرم کے بارے میں خوف بھی پیدا کرسکیں-

غیر قانونی فصلوں کی درست اور بروقت نشاندہی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا- سیٹلائٹ امیجری، زرعی ڈرونز، ٹریکٹرز، جراثیم کش اسپرے اور دیگر ضروری زرعی آلات کے استعمال کویقینی بنایا جائے گا جبکہ میڈیا اور اسٹیٹ مشینری کے ذریعے بڑے پیمانے پر آگاہی مہمات چلائی جائیں گی۔

لوکل عمائدین کے ساتھ ریگولر انٹرایکشن اور جرگے بھی کئے جائیں گے تاکہ سب کو غیر قانونی فصلوں کی مضمر اثرات سے آگاہ کیا جاسکے ۔

مقبول خبریں