چھوٹے گھروں میں رہائش آج کے دور میں عام بات ہے، خاص طور پر بڑے شہروں میں جہاں جگہ محدود اور مہنگی ہوتی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق گھر کا سائز نہیں بلکہ اسے استعمال کرنے کا طریقہ اہم ہوتا ہے۔ چند سادہ اور موثر آئیڈیاز ایسے ہیں جنہیں اپنا کر چھوٹے گھروں کو نہ صرف کشادہ دکھایا جاسکتا ہے بلکہ رہنے کے لیے قابلِ رشک بھی بنایا جا سکتا ہے۔
جدید انٹیریئر ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ گھر کی ترتیب، رنگوں کا انتخاب، لائٹنگ اور فرنیچر کی سمجھدار پوزیشننگ یہ طے کرتی ہے کہ جگہ تنگ لگے گی یا کھلی۔ یہی وجہ ہے کہ چھوٹے گھروں کو بڑا محسوس کروانے کے یہ 7 آئیڈیاز آج کل بے حد مقبول ہو رہے ہیں۔
رنگوں کا انتخاب
سب سے اہم تبدیلی دیواروں کے رنگ سے شروع ہوتی ہے۔ ہلکے رنگ جیسے سفید، کریم، آئس بلیو یا لائٹ گرے جگہ کو کھلا اور روشن دکھاتے ہیں۔ یہ رنگ روشنی کو زیادہ منعکس کرتے ہیں جس سے کمرہ پہلے سے بڑا محسوس ہوتا ہے۔
اگرچہ گہرے رنگ اسٹائلش لگتے ہیں، مگر چھوٹی جگہوں میں یہ تنگی کا احساس بڑھاتے ہیں۔
روشنی کا کردار
اس کے ساتھ ساتھ لائٹنگ بھی ایک بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ مناسب اور ملٹی لائٹ سورسز جیسے وال لیمپس، فلور لیمپس اور وارم ایل ای ڈی لائٹس کمرے کی گہرائی بڑھاتی ہیں اور اسے وسیع دکھاتی ہیں۔
آئینوں کا استعمال
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئینوں کا استعمال چھوٹے گھروں کے لیے جادوئی اثر رکھتا ہے۔ بڑے سائز کی دیوار یا کھڑکی کے سامنے رکھے گئے آئینے روشنی کو منعکس کرتے ہیں اور جگہ کو دگنا بڑا محسوس کرواتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جدید گھروں میں آئینے اب صرف ضرورت نہیں بلکہ ایک ضروری آرائشی عنصر بن چکے ہیں۔
فرنیچر کا انتخاب اور ترتیب
فرنیچر کا انتخاب اور اس کی ترتیب بھی گھر کی کشادگی پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔ بھاری بھرکم فرنیچر جگہ کھا جاتا ہے، اس لیے ماہرین ملٹی فنکشنل اور سلم ڈیزائن تجویز کرتے ہیں۔ فولڈنگ ٹیبلز، اسٹوریج بینچ، یا اسمارٹ شیلفنگ جیسے حل نہ صرف جگہ بچاتے ہیں بلکہ اضافی سامان چھپانے میں بھی مدد کرتے ہیں۔
اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ فرنیچر کو دیواروں سے تھوڑا ہٹا کر رکھا جائے تاکہ فاصلہ پیدا ہو اور جگہ زیادہ دکھائی دے۔
پردے اور فرش
پردوں اور فرش کا انتخاب بھی چھوٹے گھروں کے لیے اہم ہے۔ لمبے پردے چھت کو اونچا دکھاتے ہیں جب کہ ہلکے رنگ کا رگ فرش کو کھلا محسوس کرواتا ہے۔ اضافی سامان کم سے کم رکھنے سے بھی گھر کشادہ محسوس ہونا شروع ہو جاتا ہے، اس لیے ڈی کلٹرنگ کو ہمیشہ ترجیح دینی چاہیے۔
یہ تمام آئیڈیاز اس بات کا ثبوت ہیں کہ چھوٹا گھر بھی سلیقے اور مناسب ترتیب سے بڑا، روشن اور آرام دہ محسوس ہو سکتا ہے۔ اسی لیے کہتے ہیں کہ گھر کی خوبصورتی کا تعلق جگہ سے نہیں بلکہ اس کے استعمال سے ہوتا ہے اور کچھ سوچ سمجھ کر کی گئی تبدیلیاں رہائش کا معیار مکمل طور پر بدل سکتی ہیں۔