یمن تنازع پر سعودیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان شدید اختلافات کی وجہ کیا ہے؟

یمن میں سعودی عرب اور یو اے ای حوثی باغیوں کیخلاف اتحادی افواج کی قیادت کر رہے ہیں


ویب ڈیسک December 30, 2025
یمن پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے

یمن کی طویل خانہ جنگی ایک بار پھر علاقائی سیاست میں ہلچل کا باعث بن گئی ہے، جہاں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔

سعودی عرب نے زور دیا ہے کہ متحدہ عرب امارات 24 گھنٹے کے اندر اپنی افواج یمن سے واپس بلائے جیسا کہ یمن کی حکومت نے بھی مطالبہ کیا ہے۔

سعودی عرب نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ یو اے ای کسی بھی فریق کو عسکری یا مالی معاونت کا عمل بھی فوری طور پر بند کرے۔

اس سے قبل یمن کے حکمراں رشاد العلیمی نے بھی متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اماراتی فوج کو 24 گھنٹوں میں ملک سے نکل جانے کا کہا تھا۔

یہ خبر پڑھیں: یمن کا یو اے ای سے دفاعی معاہدہ ختم، اماراتی فورسز کو فوری انخلا کا حکم

یمن کے حکمراں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ملک کی تمام بندرگاہوں اور زمینی و بحری گذرگاہوں پر 72 گھنٹوں کے لیے مکمل فضائی، زمینی اور بحری ناکہ بندی نافذ کی جا رہی ہے۔

ان بیانات پر متحدہ عرب امارات نے کہا کہ سعودی عرب کے بیان  سے سخت مایوسی ہوئی ہے اور یمن کے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

یو اے ای نے وضاحت دی کہ مکلا بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے والے جہازوں پر اسلحہ نہیں تھا اور اس پر موجود سامان بھی صرف یمن میں تعینات اماراتی فورسز کے لیے تھے۔

اگرچہ ماضی میں سعودیہ اور امارات یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف ایک ہی اتحاد کا حصہ رہے ہیں مگر کچھ مہینوں سے ان کے مفادات اور حکمتِ عملی واضح طور پر مختلف ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

سعودی عرب کی خواہش یمن میں ایک متحد اور مرکزی حکومت کے قیام کی ہے اور حالیہ عرصے میں وہ حوثی تحریک کے ساتھ جنگ بندی اور سیاسی حل پر زور دے رہا ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کا مقصد یمن سے منسلک اپنی سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا اور یمن جنگ سے باعزت انداز میں نکلنا ہے۔

اس کے برعکس متحدہ عرب امارات جنوبی یمن میں زیادہ سرگرم نظر آتا ہے۔ یو اے ای کی حمایت یافتہ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (STC) جنوبی یمن کی علیحدگی یا کم از کم وسیع خودمختاری کی خواہاں ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: یمن کی بندرگاہ پر سعودی اتحاد کا فضائی حملہ، یو اے ای پر علیحدگی پسندوں کو اسلحہ دینے کا الزام لگا دیا

اسی نکتے پر سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان اختلاف شدت اختیار کرگیا ہے کیونکہ سعودی حکمراں کسی بھی صورت یمن کی تقسیم کے حق میں نہیں ہیں۔

ادھر یمن میں قائم بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے بھی ملک میں سیاسی اور سفارتی حمایت، سرحدی علاقوں میں فوجی سرگرمیوں میں کمی اور امن کے استحکام پر زور دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات جنوبی یمن میں مقامی ملیشیاؤں اور سدرن ٹرانزیشنل کونسل کی عسکری و سیاسی مدد کرتا آیا ہے جس کا مقصد عدن اور دیگر ساحلی علاقوں میں اثر و رسوخ مضبوط کرنا ہے۔

یو اے ای کا بنیادی مقصد بحیرۂ عرب اور باب المندب کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیشِ نظر سیکیورٹی مفادات کا تحفظ ہے۔

دوسری جانب یمن کی حکومت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ایک طرف اسے سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے تو دوسری جانب یو اے ای کی پشت پناہی سے مضبوط ہونے والی جنوبی قوتیں اس کے اختیار کو چیلنج کر رہی ہیں۔

یمن کی صورت 2011 اُس وقت کشیدہ ہوئی جب عرب ریاستوں میں آمریت کے خلاف مہمات نے زور پکڑا تھا اور اس تحریک کو عرب بہار کا نام دیا گیا تھا۔

سیاسی بحران اور خانہ جنگی کے باعث 2014 میں حوثی باغیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر بھی قبضہ کرلیا اور پورے ملک میں اپنی حکومت کے قیام کا اعلان کیا۔

اس اعلان پر سعودی عرب اور یو اے ای میں تشویش پائی گئی اور 2015 میں ان دونوں ممالک کی قیادت میں بننے والے فوجی اتحاد نے مداخلت کی۔

جس کے بعد یمن کے حوثی باغیوں اور عرب اتحادی افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا یہاں تک کہ بین الاقوامی طور پر مرکزی حکومت تشکیل دی گئی۔

اس حکومت کے قیام کے بعد بھی جھڑپوں کا سلسلہ نہ تھم سکا اور 2019 کے بعد یو اے ای کی توجہ جنوبی یمن پر مرکوز ہوگئی جہاں اس نے سدرن ٹرانزیشنل کونسل کی حمایت جاری رکھی۔

البتہ سعودی عرب کا جھکاؤ یمن میں سیاسی عمل کے ذریعے امن کا قیام رہا جس کے لیے وہ حوثیوں سے مذاکرات کے لیے بھی راضی ہوگیا۔

جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بظاہر اتحادی ہوتے ہوئے بھی یمن کے مستقبل کے حوالے سے ان کے اہداف مختلف ہوچکے ہیں۔

مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اختلافات برقرار رہے تو یمن کا بحران مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے جس سے خطے میں نئی سفارتی اور عسکری صف بندیاں جنم لے سکتی ہیں۔

 

مقبول خبریں