گجرات میں دلخراش واقعہ: سفاک خاتون نےپسند کی شادی کےلیےاپنے3 بچوں کو موت کےگھاٹ اتارکر لاشیں جلا دیں

 سرائے عالمگیر کی رہائشی سنگدل سدرہ نامی خاتون 12 روز قبل اپنے تین بچوں کے ساتھ اچانک لاپتا ہو گئی تھی


ویب ڈیسک January 01, 2026

پنجاب کے ضلع گجرات میں انسانیت سوز  واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پسند کی شادی کی خاطر سنگ دل ماں نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی تین معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے کہا کہ سرائے عالمگیر کی رہائشی سنگدل سدرہ نامی خاتون 12 روز قبل اپنے تین بچوں کے ساتھ اچانک لاپتا ہو گئی تھی۔

واقعے پر شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا  جس کے دوران دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمہ سدرہ نے اپنے دوست بابر کے ساتھ مل کر دو سے سات سال کی عمر کے تینوں بچوں کو گلہ دبا کر قتل کیا، بعد ازاں شناخت چھپانے کے لیے بچوں کی لاشوں کو جلایا گیا اور انہیں آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دفن کر دیا گیا۔

عشق کے جنو ن میں مبتلا ماں کے ہاتھوں قتل ہونیوالے2سالہ ذکریا ، 4سالہ حرم فاطمہ ، 7سالہ فجر فاطمہ شامل ہیں۔

پولیس نے دورانِ تفتیش بچوں کی لاشیں برآمد کر کے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمہ نے اعتراف کیا کہ وہ بابر سے شادی کرنا چاہتی تھی اور اسی مقصد کے لیے اس نے یہ انتہائی سفاک قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق مقتول بچوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف اور غم کی فضا قائم کر دی ہے۔

آج پولیس نے ملزمہ سدرہ شبیر کا مقامی عدالت سے چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا جب کہ تینوں بچوں کی نماز جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کر دی گئی۔

 

مقبول خبریں