کراچی:
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن میں ایم بی بی ایس سمیت صحت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 570 سے زائد طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے کی تمام یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کی ترقی اور علم کی ترویج کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے جس کے ثمرات سامنے آرہے ہیں اور آج کی یہ تقریب اس کا ایک ثبوت ہے، یہ بات انہوں نے منگل کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کانووکیشن میں ملکی اور صوبائی سطح کی اہم قیادت نے شرکت کی جن میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شامل سمیت دیگرنے شرکت کی۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں نمایاں کارکردگی پر 11 گولڈ میڈلز دیے گئے، جن میں 9 گولڈ میڈل فرسٹ پوزیشن اور 2 گولڈ میڈل بی ایم ایس آنرز شامل تھے، اسی طرح کل 10 سلور میڈلز سیکنڈ پوزیشن پر اور کل 9 برونز میڈلز تھرڈ پوزیشن پر دیے گئے، کانووکیشن میں 9 طلبہ و طالبات کو بیسٹ گریجویٹ کے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
یہ اعداد و شمار جامعہ میں تعلیمی معیار، مسابقتی ماحول اور طلبہ کی غیر معمولی محنت کا واضح ثبوت ہیں، جو جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن کو ایک یادگار اور باوقار تعلیمی تقریب بناتے ہیں،کانووکیشن میں مختلف پروگرامز کے نمایاں طلبہ و طالبات کو ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانانِ گرامی نے پیشہ ورانہ ذمہ داری، اخلاقی اقدار اور عوامی خدمت پر زور دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے جناح میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے معاشرے کی خدمت کے لیے اہل اور باصلاحیت طبی ماہرین تیار کرنے پر یونیورسٹی کی کا وشوں کو سراہا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو اجاگر کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے کامیاب گریجوئیٹ کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ جناح اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کی بہتری اور بستروں میں اضافے کے لیے کام کررہی ہے، جناح اسپتال کو جلد ہی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماتحت کردیا جائے گا جس کے بعد جناح اسپتال میں 3 ہزار بستروں کی گنجائش ہوگی، انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن اور انکی فلکٹی کی کارگردی کو سراہا۔
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے بھی طبی تعلیم کے فروغ میں جناح میڈیکل یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا۔ کانووکیشن کا انعقاد جامعہ کی قیادت اور ایک متحرک کور کمیٹی کی زیر نگرانی عمل میں آیا۔
وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج میمن، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نگہت علی شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، چیئرپرسن کانووکیشن پروفیسر ڈاکٹر ہما علی اور کو چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر محمود حسین نے تقریب کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے صوبائی قیادت اور تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب جے ایس ایم یو کی مسلسل تعلیمی ترقی، ڈیجیٹل اصلاحات، تحقیقی پروگراموں کے فروغ اور پی ایچ ڈی پروگرامز سمیت جدید تعلیمی و طبی اقدامات کی عکاس ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا اور فارغ التحصیل طلبہ سے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حلف لیا گیا، جس کے ذریعے انہوں نے اخلاقی طبی عمل اور انسانیت کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔