امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وفادار سرمایہ کاروں کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے اکثریتی حصص خریدنے کے بعد پلیٹ فارم کی متبادل ایپس کی مقبولیت میں اضافہ ہونے لگا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جب ٹک ٹاک پر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ سے متعلق مواد سینسر کرنے کا الزام عائد ہونا شروع ہوا اس دوران اسکائی لائٹ اور اپ اسکرولڈ نامی ایپس ریکارڈ ڈاؤن لوڈ کی گئی ہیں۔
گزشتہ ہفتے ٹک ٹاک کے امریکی آپریشن کی ملکیت چینی مالک کمپنی بائٹ ڈانس سے امریکی سرمایہ داروں کے ایک گروہ کو منتقل کی گئی تھی جس کی سربراہی صدر ٹرمپ کے ساتھی لیری ایلیسن کرتے ہیں۔
نئی انتظامیہ (جن پر سینسر شپ کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں) کے اقدامات کے باعث ٹک ٹاک (جس کے امریکا میں 17 کروڑ کے قریب صارفین ہیں) کے بائیکاٹ کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو ایپ اپ اسکرولڈ (جو خود کو ٹک ٹاک کا سینسر شپ فری متبادل قرار دیتی ہے) ایپل کے ایپ اسٹور میں ٹاپ 10 مفت ایپس کی فہرست میں پہنچ چکی ہے۔