پاکستانی اخبار فروش نے فرانس کا اعلیٰ سول اعزاز حاصل کرلیا

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علی اکبر 1973 میں پاکستان سے فرانس آئے تھے


ویب ڈیسک January 29, 2026

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 74 سالہ علی اکبر کو فرانس کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک گرانڈ آرڈر آف میرٹ کا نائٹ بنا دیا۔

علی اکبر گزشتہ پچاس برس سے پیرس کے تاریخی لاطینی کوارٹر میں کیفے ٹیرسز پر اخبارات فروخت کرتے آ رہے ہیں اور مقامی لوگوں میں بے حد مقبول ہیں۔

اعزاز دینے کی تقریب فرانسیسی صدارتی محل میں منعقد ہوئی، جہاں علی اکبر کی فرانس کے لیے طویل خدمات کو سراہا گیا۔ یہ اعزاز فرانس میں شہری یا فوجی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علی اکبر 1973 میں پاکستان سے فرانس آئے تھے۔ فرانس پہنچنے کے بعد انہوں نے اخبار فروشی کا پیشہ اختیار کیا اور ابتدا میں سوربون یونیورسٹی اور اس کے اطراف کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو اخبارات فروخت کیے۔

گزشتہ نصف صدی کے دوران علی اکبر نے پیرس میں اخبار فروشی کی روایت کو زندہ رکھا، جس کے باعث وہ نہ صرف مقامی افراد بلکہ بین الاقوامی میڈیا کی بھی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں فرانسیسی صدر کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں