سوناکشی سنہا نئی فلم میں ایکشن لڑکی کا کردار ادا کریں گی بال کٹوا لیے

ساؤتھ فلموں کے نامور ڈائریکٹر اے آر مرگادوس کی فلم عورت کے مرکزی کردار والی ہوگی


Showbiz Desk December 20, 2014
4 سال میں 12 فلمیں کیں جن میں دیسی اور گاؤں والی لڑکیوں والے کردار کیے، اب شائقین ایکشن رول میں بھی پسند کرینگے، سوناکشی سنہا فوٹو : فائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ کی دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا جس نے ابھی تک اپنی تمام فلموں میں جاندار روایتی دیسی لڑکیوں کے کردار نبھائے ہیں، اب اطلاعات ہیں کہ وہ ڈائریکٹر اے آر مرگادوس کی نئی فلم میں ایک ایکشن لڑکی والا کردار ادا کرنے جا ر ہی ہیں اور اس فلم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نئی فلم میں ایکشن لڑکی کے کردار کے لیے اداکارہ سوناکشی سنہا اسپیشل ٹریننگ بھی حاصل کریں گی۔

ڈائریکٹر اے آر مرگادوس جو کہ ساؤتھ انڈین فلموں کا ایک جانا پہچانا نام ہے۔ انھوں نے بالی ووڈ میں بھی اپنا نام بنایا ہے اور اطلاعات ہیں کہ ان کی یہ فلم مکمل طور پر مشرقی عورت کے مرکزی کردار کی حامل ہوگی تاہم ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا یہ فلم بالکل نئی ہوگی یا پھر کسی فلم کا ریمیک' ابھی تک اس بات کا صحیح اندازہ نہیں ہو سکا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سوناکشی سنہا اپنی اس نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز نئے سال 2015ء میں شروع کر رہی ہیں اور اس نئی فلم میں وہ ایک منفرد انداز میں نظر آئیں گی۔ 27 سالہ سوناکشی سنہا نے اب تک ''دبنگ''، ''روڈی راٹھور'' ، ''ایکشن جیکسن '' اور ''لوٹیرا '' میں اپنی شاندار پرفارمنس سے خود کو منوایا ہے۔

اس موقع پر سوناکشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ''میں اب اورینٹڈ فلم میں پرفارمنس کے لیے تیار ہوں اور مجھے احساس ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں کچھ مختلف کرکے دکھاؤں' اس سے پہلے میں نے خود کو بالی ووڈ میں مقام بنانے کے لیے جدوجہد کی۔ 2015 ء میں اب میں اے آر مرگادوس کی فلم کر رہی ہوں جو کہ عورت کے مرکزی کردار والی فلم ہے' اس کی کہانی بہت اچھی ہے اور میں اسے کرنے جا رہی ہوں۔'' قبل ازیں میں نے کمرشل فلموں کام کیا اور ان فلموں میں بہت انٹرٹینر نظر آئی کیونکہ میں ایسی فلمیں پسند کرتی ہوں اور یہ کوئی پہلے سے طے شدہ نہیں تھا اور چار سال میں 12 فلمیں کی ہیں جو کہ تجربہ حاصل کرنے کے لیے کافی ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ میں خود کو مختلف انداز میں بھی منوا سکوں۔ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں ہیئر کٹ اسٹائل اپنایا ہے جس سے کہا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے نئے ماڈرن کرداروں میں لوگوں کی توجہ حاصل کر سکیں گی۔ سوناکشی نے کہا میرا نیا ہیئر اسٹائل بھی جدید کرداروں کے لیے بڑا موزوں رہے گا اور لوگ اسے پسند کریں گے' ایک دن مجھے محسوس ہوا کہ مجھے اپنے بالوں کے ساتھ کچھ نیا کرنا چاہیے اور میں نے اپنے بال چھوٹے کر وا لیے جس سے اندازہ ہوگیا ہوگا کہ میں اب کسی گاؤں والی لڑکی کا کردار ادا نہیں کر رہی بلکہ ماڈرن رول میں نظر آؤں گی۔ سوناکشی نے بتایا کہ فلم ''تیور'' میں وہ ارجن کپور کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور یہ فلم بھی وہ انھیں کی وجہ سے کر رہی ہیں۔ فلم '' تیور '' 9 جنوری کو ریلیز ہوگی۔

مقبول خبریں