نائیجیریا میں بوکو حرام کے شدت پسندوں نے 23 افراد کے گلے کاٹ ڈالے

بوکوحرام کے شدت پسندوں نے کارروائی کے دوران گھروں کو بھی آگ لگا ڈالی جس کی وجہ سے آدھے سے زیادہ علاقہ جل کرراکھ ہوگیا


ویب ڈیسک March 29, 2015
بوکوحرام کے شدت پسندوں کا حملہ نائیجیریا میں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے،تجزیہ نگار فائل:فوٹو

شمال مشرقی نائیجیریا میں بوکوحرام کے شدت پسندوں نے 23 افراد کے گلے کاٹ کر علاقے میں واقع گھروں کو بھی آگ لگاڈالی۔

غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے نائیجیرین اسمبلی کے رکن اورمقامی رہنما محمد آدمو کا کہنا تھا کہ جمعہ کو رات گئے جنگجو تنظیم بوکو حرام کے اسلحہ بردار شدت پسندوں نے علاقے پر حملہ کرکے نہ صرف 23 افراد کے گلے کاٹ ڈالے بلکہ جاتے جاتے علاقے کے گھروں کو بھی آگ لگا دی جس کی وجہ سے آدھے سے زیادہ علاقہ جل کرراکھ بن گیا۔

محمد آدمو کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی بوکوحرام کے شدت پسند اسی علاقے کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا چکے ہیں جب کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق علاقے سے 32 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جس میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حملہ نائیجیریا میں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے کیونکہ بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شیخاؤ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ انتخابات کو نہیں مانتے اور اس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

مقبول خبریں