سحری کے لیے مزیدارمنفرد آملیٹ

ربیعہ کنول  بدھ 16 مئ 2018
اس بار پیش ہے "انڈوں کے آملیٹ" جو رمضان میں آپ کی سہری کا مزہ دوبالا کردیں گے:فوٹو فائل

اس بار پیش ہے "انڈوں کے آملیٹ" جو رمضان میں آپ کی سہری کا مزہ دوبالا کردیں گے:فوٹو فائل

رمضان میں خواتین افطار کے بعد کھانے اورپھرسحری کی تیاری میں لگ جاتی ہیں کچھ ٹائم بچ بھی جائے توکھانے پینے کی نئی نئی ترکیبوں کی تلاش میں وقت نکل جاتا ہے،سحری میں پھینی، کھجلے، سویاں ، چائے ، ٹوسٹ ، پراٹھے اور سالن دسترخوان کی زینت بنتے ہی ہیں لیکن اس بارہم شامل کرنے جارہے ہیں “انڈوں کے آملیٹ” جو رمضان میں آپ کی سہری کا مزہ دوبالا کردیں گے۔

سادہ آملیٹ

اجزا:

انڈے 4 عدد، نمک کالی مرچ حسب ذائقہ ،میٹھا سوڈا اور حسب ضرورت گھی

ترکیب:

انڈوں کواچھی طرح پھینٹ لیں کہ جھاگ کی صورت بن جائے ، اب اس میں نمک ،کالی مرچ اور میٹھا سوڈایا بیکنگ پاوڈر شامل کرلیں، کچھ دیر ایسے ہی چھوڑدیں اور پھر پھینٹ لیں۔فرآئی پین میں گھی/آئل کڑکڑا کرچولہے سے اتارلیں، اب نیم گرم گھی/آئل میں ہلکی ہلکی آنچ پر انڈے ڈالیں  اورچمچ کی مدد سے گول کرتے جائیں، مکمل سینکنےیا گولڈن ہونے پر اتارلیں ، اس آملیٹ کو ٹماٹر کی چٹنی ، آلو کے چپس کےساتھ کھائیں ، سینڈوچ میں بھی استعمال کرسکتے ہیں

میٹھا آملیٹ

 اجزا:

انڈے دو عدد، دودھ دو کھانےکےچمچ، چینی 4 کھانے کے چمچ، پسی سبز الائچی دو عدد

ترکیب:

انڈوں کو اچھی طرح پھینٹ کردودھ ،چینی اورالائچی شامل کریں اورمزید پھینٹیں کہ چینی گھل جائے، نیم گرم تیل میں آہستہ آہستہ تلیں، گولڈن ہونے پرنوش فرمائیں اور ہاں چینی حل نہ ہوئی تو آملیٹ ٹوٹ جائے گا.اسی آمیزے میں ڈبل روٹی کے ٹکڑے کو بگھو کر فرائی کرلیں ، یہ بھی ایک مزیداد ڈش بن جائے گی.

سبزی آملیٹ

اجزا:

انڈے 2عدد، باریک کٹی پیازدو کھانے کے چمچ، آلو،مٹر، دو دو چمچ، پالک یا گوبھی  کا پتا ایک عدد، ہری مرچ ایک عدد، گھی نمک لال مرچ حسب ضرورت

ترکیب :

آلو، مٹر، پالک یا گوبھی کا پتا، ہری مرچ اور پیاز کو ہلکے آئل میں تل لیں ، انڈوں کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور تمام سبزیوں کو اس میں شامل کرلیں ، نمک اور لال مرچ بھی ڈال لیں ، گول پھیلا کر تلیں اور رول بنا کر اتارلیں ، روٹی ، ڈبل روٹی ، چائے  کے ساتھ نوش فرمائیں

اسپینش آملیٹ

اجزا:

ٹماٹر2 عدد، انڈے 2 عدد، پیازکٹی ہوئی ، میدہ ایک چمچ، لیموں کارس ایک ٹی سپون، شملہ مرچ، کھمبیاں 2 عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت، نمک اور ہری مرچ

ترکیب:

تمام سبزی بنا کرتل لیں، نمک کالی مرچ چھڑک دیں ، لیموں کا رس ڈالیں، میدے کو 3 سے4 منٹ بھونیں اور سبزی شامل کرلیں چمچ ہلاتی جائیں ،انڈے پھینٹ کر گول پھیلا لیں ،آدھے حصے پر سبزی پھیلا کرآدھا حصہ اس کے اوپرپلٹ دیں ، اب اس پر ہرادھنیا اورہری مرچیں ڈال کر پیش کریں۔

بیسن کا آملیٹ

اجزا:

بیسن : 60 گرام، نمک ، سرخ مرچ ، سبز مرچ : ایک عدد باریک کاٹ لیں،ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا): 1 چمچہ، پیاز (باریک چوکور کٹی ہوئی): 1 چمچہ،تیل , پانی : آدھا گلاس

ترکیب:

پانی اور بیسن کو ملا کر کم از کم 15 منٹ تک پھینٹیں۔ کریم کی طرح نرم اور یک جان ہو جائے تو اس میں سارا باریک کٹا ہوا مسالہ، نمک، مرچ اور پیاز ملا کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ نان اسٹک فرائی پان میں ہلکا سا تیل لگا دیں جتنا ایک انڈا تلنے کے لئے کافی ہو۔ اس میں یہ آمیزہ ڈال کر تل لیں۔ ایک طرف سے ہلکا براؤن ہونے پر دوسری طرف سے پلٹ کر ہلکا سا براؤن کر لیں زیادہ سرخ نہ ہو، دیکھنے میں بالکل انڈے کے آملیٹ کی طرح لگے گا اور کھانے میں لذیذ ہو گا۔

چکن آملیٹ

اجزا:

چکن بریسٹ ایک عدد (کیوبز،نمک حسب ذائقہ،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،تیل ایک چائے کا چمچ

انڈے تین عدد،ہرا دھنیا ایک کھانے کا چمچ،ہری مرچ ایک عدد

تیل ایک چوتھائی کپ،(ٹماٹر ایک عدد (کیوبز میں کٹے ہوئے

ترکیب:

پہلے چکن بریسٹ کو نمک اور ایک چوتھائی چائے کے چمچ کالی مرچ کے ساتھ میری نیٹ کرلیں۔پھر ایک چائے کے چمچ تیل میں پکاکر الگ رکھ دیں۔اب ایک پیالے میں انڈے پھینٹ کر ان میں نمک، باقی کالی مرچ، ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر مکس کر لیں۔

پھر ایک پین میں ایک چوتھائی کپ تیل گرم کرکے اس میں انڈے کا مکسچر فرائی کریں اور اس پر چکن اور ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

اب آملیٹ کو پلٹ کر دوسری طرف سے پکائیں اور فولڈ کرکے سرو کریں۔

چیز آملیٹ

اجزا:

انڈے تین عدد،مکھن ایک ٹیبل اسپون،فریش کریم یا دودھ دو ٹیبل اسپون،

نمک اور کالی مرچ، حسب ذائقہ،تھوڑا سا پنیر، جو آپ کو پسند ہو، باریک کٹا ہوا

ترکیب:

تینوں انڈوں نمک، کالی مرچ اور دودھ شامل کرکے پھینٹ لیں۔ایک نان سٹک پین لیں اسی تیز گرم کرکے آنچ درمیانی کرلیں اس میں ایک ٹیبل اسپون مکھن ڈالیں اور سارے پین پر پھیلا لیں اور مکھن کے جلنے سے پہلے پہلے اس میں انڈے ڈال دیں، کچھ دیر انتظار کریں آملیٹ کے نیچے والا حصہ پک جائے اور پلٹتے ہوئے نا ٹوٹے ، اپ آملیٹ کو پلٹ دیں لیکن یہاں سے ذیادہ نہیں پکانا ، اب اسے واپس پلٹ دیں، اور اسکے اوپر باریک کٹی ہوئی پنیر ڈال دیں اور آملیٹ کو فولڈکرلیں، چند سیکنڈبعد پلیٹ میں نکال کر نوش فرمائیں

تھائی اسپائسی پیٹا آملیٹ

اجزا:

انڈے ۔ دو عدد ،سفید مرچ ۔ آدھا کھانے کا چمچہ، ہری مرچ ۔ دو عدد(باریک کاٹ کر) ،دودھ ۔ تین کھانے کے چمچے، ٹماٹر(بیچ نکال کر) ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا (باریک کاٹ کر) ۔ ایک کھانے کا چمچہ، پیٹا بریڈ ۔ دو عدد، تیل ۔ تلنے کے لئے نمک ۔ حسب ذائقہ ،پیاز۔ ایک کھانے کا چمچہ(باریک کاٹ کر)، گارلک ڈپ: سرکہ والا کھیرہ ۔ ایک عدد(باریک کاٹ کر)، مایونیز ۔ دو کھانے کے چمچے،

ہرا دھنیا، پودینہ (بارک کاٹ کر) ایک کھانے کا چمچہ ،بیسن(باریک پسا ہوا)آدھا کھانے کا چمچہ ،پیاز کا جوس ۔ ایک کھانے کا چمچہ دہی۔ آدھا کپ

ترکیب:

انڈے، نمک، سفید مرچ، دودھ، ٹماٹر، ہرا دھنیا، پیاز ملالیں۔ تیل گرم کریں اس کو آملیٹ کی طرح تل لیں۔ اب پیٹا کو بیچ سے کاٹ لیں۔ اس کو پوکیٹ کی طرح بنا کر اب اس میں آملیٹ ڈالیں اور گارلک ڈپ کے ساتھ پیش کریں۔ گارلک ڈپ کے لئے: سرکہ والا کھیرہ، مایونیز، ہرا دھنیا، بیسن، پیاز کا جوس، دہی کو ملا لیں، گارلک ڈپ تیار ہے

آملیٹ کو خوبصورت بنانے کا ٹوٹکا

آملیٹ بنانے کے لیے جب انڈے پھینٹیں توہر انڈے کے لیے ایک ٹی سپون دودھ ملانے سے آملیٹ خوب پھولا پھولا سا بنتا ہے اور دیکھنے میں بھی منفرد نظر آتا ہے اور اس کا ذائقہ بھی شاندار ہو جاتا ہے۔

نوٹ: اگر آپ بھی ہمیں کھانے کی ترکیب بھیجنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنے مکمل نام اور فون نمبر کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔