بھارتی بورڈ پر دوبارہ قبضہ کی سری نواسن کی تمام کوششیں دم توڑ گئیں

حکمران جماعت کے سیاستدانوں نے منہ پھیرلیا، جنرل باڈی میٹنگ میں شرکت سے انکار


Sports Desk October 04, 2015
کسی دوسرے امیدوار کے میدان میں نہ اترنے پر شیشانک منوہر کا آج بلامقابلہ صدر بننا یقینی فوٹو: فائل

لاہور: حکمران جماعت بی جے پی کی جانب سے منہ بھیرنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ پر دوبارہ قبضے کے لیے این سری نواسن کی تمام کوششیں دم توڑ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جگموہن ڈالمیا کے انتقال کے بعد سابق صدر بی سی سی آئی اور موجودہ آئی سی سی چیئرمین این سری نواسن نے ایک بار پھر بھارتی کرکٹ کا کنٹرول خود سنبھالنے کیلیے کافی جدوجہد کی، پہلے انھوں نے سابق صدر اور سیاستدان شردپوار سے ہاتھ ملانا چاہا مگر وہاں ان کی دال نہیں گلی تو آخری لمحات میں صدرگجرات کرکٹ ایسوسی ایشن اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اہم لیڈر امیت شاہ سے ملاقات کا وقت مانگ لیا مگر انھوں نے مصروفیات کا بہانہ بناکر انکار کردیا۔ اس کے بعد سری نواسن کی آخری امید بھی ٹوٹ گئی اور انھوں نے صدر بی سی سی آئی کے انتخاب کیلیے اتوار کو میٹنگ میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا، ان کی جگہ تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پی ایس رامن اپنی اسٹیٹ کی نمائندگی کریں گے۔

وہ اس سے قبل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب نئے صدر کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلیے ہفتے کی سہہ پہر آخری وقت تھا مگر تب تک شیشانک منوہر کے سوا کسی نے کاغدات جمع نہیں کرائے۔ منوہر پہلے بھی بی سی سی آئی کے صدر رہ چکے،انھیں سیکریٹری انوراگ ٹھاکر گروپ کی مکمل سپورٹ بھی حاصل ہے جبکہ ایسٹ زون نے بھی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔اس طرح اتوار کو خصوصی اجلاس میں منوہر کی2017 تک بی سی سی آئی کی صدارت پر باضابطہ مہر تصدیق ثبت کردی جائے گی۔

مقبول خبریں