عمران مریم سے معذرت کریں اور کچھ وقت اپنی بیٹی کے ساتھ گزاریں اسحاق ڈار

مریم نوازہم سب کی بیٹی ہیں،اُن کے بارے میں بغیر تصدیق کے بیان دینا ایک انتہائی افسوسناک عمل ہے، اسحاق ڈار


Numainda Express July 03, 2016
سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پرعمران خان کوذمے دارانہ رویہ اپنانا چاہیے، اسحاق ڈارفوٹو: فائل

PAKPATTAN: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اب جبکہ اصل حقائق سامنے آچکے ہیں کہ عمران خان کی بہن کو کس شخصیت کی بنا پر پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تو اُنھیں اسلامی اور اخلاقی اقدار کوپیش نظر رکھتے ہوئے مریم نواز سے معذرت کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے عمران خان کی طر ف سے مریم نوازکوواقعے کا ذمے دار ٹھہرانے سے متعلق بیان اور بہتان طرازی کویکسر رد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی یہ عموماً عادت ہے کہ سُنی سنائی بات پر تحقیق کیے بغیرفوراً رد عمل ظاہر کر دیتے ہیں،ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پرعمران خان کوذمے دارانہ رویہ اپنانا چاہیے،عمران کو چاہیے کہ وہ اپنے بیٹوں کے ساتھ ساتھ اپنی بیٹی کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارا کریں تاکہ انھیں بیٹیوں کے وقار، پیار اور احساسات کابھی اندازہ ہو، مریم نوازقوم کی اور ہم سب کی بیٹی ہیں،اُن کے بارے میں بغیر تصدیق کے بیان دینا ایک انتہائی افسوسناک اورغیر ذمے دارانہ عمل ہے۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ عمران خان اب یہ فیصلہ بھی کریں کہ جس سیاسی جماعت کی اہم شخصیت کی وجہ سے اُن کی بہن کے ساتھ مذکورہ واقعہ پیش آیا اوراُنھوں نے بلاتحقیق اس پر غلط رد عمل ظاہر کردیا، کیا وہ اس جماعت کے ساتھ نوتشکیل شدہ شراکت داری سے علیحدہ ہونگے؟اور کیا وہ اس جماعت کے خلاف بھی بعد از عید اُسی مہم کا اعلان کریں گے جس کا انھوں نے مسلم لیگ ( ن) کے خلاف اعلان کیا؟ دیکھتے ہیں وہ کچھ کرتے ہیں یا ماضی کی طرح ایک بار پھر قلا بازی کھا کر غیر اصولی سیاست کی دوبارہ مثال قائم کرتے ہیں۔

 

مقبول خبریں