عیدکے بعدسرکاری ملازمتوں پر پابندی ہٹادیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

اسٹاف رپورٹر / دانش نفیس / نذر پنہور  پير 12 ستمبر 2016
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی / سیہون:  وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیروزگاری کے خاتمے کیلیے عیدالاضحیٰ کے بعد سندھ میں ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حیسکو کو خبردار کیا ہے کہ وہ سیہون اورسندھ کے عوام کے ساتھ زیادتیاں بندکردے، کسی سیاسی جماعت کو دیوار سے نہیں لگایا جا رہا تاہم اگر کسی جماعت میں جرائم پیشہ افراد شامل ہیں تو پھر کارروائی ہو گی۔

وہ سیہون شریف میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقاریب اور عوامی اجتماعات سے خطاب اورمیڈیاسے گفتگو کررہے تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ بذریعہ ہیلی کاپٹر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سیہون ایئرپورٹ پہنچے جہاں سرکاری افسران نے ان کا استقبال کیا۔وزیر اعلیٰ اپنے اہلخانہ کو رہائشگاہ کیلیے روانہ کرنے کے بعد دو درجن سے زائد گاڑیوں کے قافلے میں سیہون کے دورے پر نکلے،عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عید کے بعد کابینہ کا اجلاس طلب کیاہے جس میں ساتھیوں کی مشاورت سے سندھ میں ملازمتوں پرعائد پابندی ختم کردی جائیگی،میرٹ پر قابل نوجوانوں کوملازمتیں فراہم کی جائیںگی، کوشش ہو گی کہ عید کے بعد نہ صرف سیہون بلکہ سندھ میں کوئی بیروزگار نہ رہے، کوشش ہے کہ سندھ میں بیروزگاری کی شرح کو کم سے کم کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے بوبک کے مکینوں کی جانب سے منچھرجھیل کی بحالی کے مطالبے پرکہا کہ منچھرایشیا کی سب سے بڑی جھیل ہے جس کا پانی زہریلا ہوگیاہے،ماضی میں کبھی اس کیلیے اسکیمیں نہیں رکھی گئیں ۔انھوں نے کہاکہ وزیراعظم سے بھی کہا تھاکہ ہمیں اپنی بجلی پیدا کرنے کی اجازت دی جائے،امید ہے جلد اس حوالے سے بھی کام شروع ہوگا،پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کے اعتماد کی وجہ سے آج میں وزیر اعلیٰ سندھ ہوں اور میرا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ میں بھی اپنے والد کی طرح عوام کی خدمت کرکے انھیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کروں۔حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزارپرفاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں تمام جماعتوں کو آزادی ہے، کسی کو بھی دیوار سے نہیں لگایا جا رہا ہے، تمام جماعتیں اس ملک میں آئین و قانون کے مطابق جمہوری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تاہم قانون توڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ کی آمد سے4گھنٹے قبل ہی لعل شہبازقلندرؒ کے مزار کوعام زائرین کیلیے بندکردیاگیاجس سے زائرین کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ کے سیہون ایئرپورٹ پہنچنے پرکارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیاجس کے بعد وہ سرکاری اور نجی گاڑیوں کے بھاری پروٹوکول میں سیہون سٹی کی جانب روانہ ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ لوگوں میں گھل مل گئے،ان کے مسائل معلوم کیے اوردرخواستیں بھی وصول کیں۔

اتوارکوبانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی برسی کے موقع پرصوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائدپرحاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ نے کہا کہ صوبے کے ہرشہری کواچھاروزگار ،ہربچے کومعیاری اوراعلیٰ تعلیم اورہر بیمار کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرناہمارااولین فرض ہے۔ اپنی کابینہ کے ہمراہ آج پھریہ عہدکرتاہوںکہ ہم عوام کی بھرپور خدمت کرینگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائدپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعلیٰ سندھ سے سابق ایم پی اے امتیازشیخ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صوبہ سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔