بنگلہ دیش کی نئی قلا بازی: دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، بورڈ چیف

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 دسمبر 2012
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ رہا۔ فوٹو: اے ایف پی  /  فائل

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ رہا۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

ڈھاکا: بنگلہ دیش کی جانب سے دورئہ پاکستان کے حوالے سے قلابازیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، آئی سی سی کو آفیشلز کیلیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کو کہیں گے، ہم ٹور کیلیے زبان دے چکے مگر کسی بھی فیصلے سے قبل تمام ضروی اقدام کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو بنگال ٹائیگرز کے جنوری میں دورہ پاکستان کی ’خوشخبری‘ سنائے ابھی 24 گھنٹے بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب نے واضح کردیا کہ ابھی ٹور کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں دورے کے لیے 12 جنوری کی تاریخ دی تھی، اب ہم آئی سی سی سے کہیں گے کہ وہ اپنے میچ آفیشلز بھیجنے کیلیے وہاں کی سیکیورٹی کا جائزہ لے، جب وہ اس حوالے سے اپنا موقف پیش کریں گے تب ہی ہم دورے کے بارے میں تصدیق کرسکتے ہیں۔

1

ٹور سے راہ فرار کا راستہ کھلا چھوڑنے کے بعد نظم الحسن نے پاکستان کی امیدوں کو برقرار رکھتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ آئی سی سی اس دورے کی اجازت دیدے گی، انھوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان جانے کی کمٹمنٹ کی اور پھر آئی سی سی میٹنگ میں بھی یقین دہانی کرائی کہ ہم اپنی بات پر قائم ہیں، چونکہ ہم زبان دے چکے اور سمجھتے ہیں کہ وہاں ہماری ٹیم کے لیے حفاظتی انتظامات تسلی بخش ہیں تو پھر جانا چاہیے۔ نظم الحسن نے مزید کہا کہ ہم وہاں جانے سے قبل تمام تر ضروری اقدام کریں گے، میرے خیال میں ہم اگلے دو سے چار روز میں کسی حتمی فیصلے تک پہنچ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ 20 دسمبر کو وہ اپنے حتمی جواب سے پی سی بی کو آگاہ کردیں گے مگر ان کی دورے کیلیے ہاں زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔