گلشن اقبال، وسیم باغ کے قریب آگ لگنے سے 60 جھگیاں خاکستر، 5 زخمی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 فروری 2017
پولیس کو شبہ ہے کہ کسی نے پلاٹ خالی کروانے کے لیے تو آگ نہیں لگائی۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس کو شبہ ہے کہ کسی نے پلاٹ خالی کروانے کے لیے تو آگ نہیں لگائی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: گلشن اقبال وسیم باغ کے قریب پراسرار طور پر جھونپڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، آتشزدگی میں 60 سے زائد جھگیاں گھریلو سامان سمیت جل گئیں۔

گزشتہ روز دوپہر پونے 2 بجے عزیز بھٹی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13/C وسیم باغ کے قریب واقع مسجد اقصیٰ سے متصل جھونپڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد جھگیوں میں رہائش پذیر افراد اپنی جانیں بچاتے ہوئے باہر نکل آئے اور مکینوں نے پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔

جھگیوں میں لگنے والے آگ اتنی شدید تھی کہ دھویں کے بادل دورسے نظرآرہے تھے، اس اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 3گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آّگ بھجانے کی کوشش شروع کردی، مزید 2 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کٰیا گیا ہے، آگ لگنے سے جھگیوں میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، دیکھتے ہی دیکھتے چھونپڑی میں لگنے والی آگ نے تیز ہواؤں کے باؑعث مزید جھگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ اپنے گھروں کا سامان بچاتے ہوئے جاوید احمد، عبدالغفار، امتیاز سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جن کو قریبی المصطفی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 2گھنٹے سے زائد جدوجہد کے بعد فائر فائیٹرز نے آگ پر قابو پالیا۔

دوسری جانب فائربریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم آتشزدگی کے باعث 60سے زائد جھگیاں گھریلو سامان سمیت جل کر خاکستر ہوگئیں، 10جھگیوں کو بچالیا گیا۔

ادھر عزیز بھٹی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طورپر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تھی لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ کسی نے پلاٹ خالی کروانے کے لیے تو آگ نہیں لگائی اس حوالے سے بھی پولیس تفتیش کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔