سیمی فائنل پاکستان مڈل آرڈر کی ناکامیوں پرفکرمند

سرفراز احمد اور شعیب ملک کو اوپر کے نمبرز پر کھلاسکتے ہیں، مکی آرتھر


Sports Desk June 14, 2017
ناقابل یقین کا لیبل اچھا نہیں لگتا، خامیوں پر قابو پانے کیلیے جدوجہد کرنا ہوگی فوٹو: اے ایف پی/ فائل

BRISBANE: انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل پاکستان مڈل آرڈر کی ناکامیوں پر فکر مند ہے۔

ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا کہ سرفراز احمد اور شعیب ملک کو اوپر کے نمبرز پر کھلاسکتے ہیں، میزبان ٹیم کی قوت کو سامنے رکھتے ہوئے پلاننگ کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہاکہ سری لنکا کیخلاف مشکل فتح سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے،کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں،تمام کھلاڑیوں کو اپنے کردارکا اندازہ لیکن مشکلات پیدا کرلیتے ہیں، انھوں نے کہا کہ مڈل آرڈر ابھی تک بہتر پرفارم نہیں کرسکی، سرفراز احمد اور شعیب ملک کو اوپر کے نمبرز پرکھلانے پر غورکررہے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا،ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں بیٹنگ آرڈر تبدیل کردیں یا پھر اس نوعیت کے فیصلے چیمپئنز ٹرافی ختم ہونے کے بعد کیے جائیں۔شعیب ملک،محمد حفیظ اور بابر اعظم کی جانب سے ایک بھی ففٹی اسکور نہ کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ سب بڑی سخت محنت کے عادی اور صلاحیت بھی رکھتے ہیں،فارم میں ہوں تو کھیل کا نقشہ بدل سکتے ہیں،ہمیں پُرامید رہنا چاہیے۔ آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ ایک مضبوط حریف ہے۔

گزشتہ سیریز میں پاکستان نے ابتدائی چاروں میچز ہارنے کے بعد کارڈف میں ہی فتح پائی تھی،اگر سیمی فائنل میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے تو میزبان ٹیم پر دباؤ بڑھا سکتے ہیں،گرین شرٹس کو گزشتہ سال کی کارکردگی دہرانا ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ایک کوچ کے طور پر ٹیم پر ناقابل یقین کا لیبل اچھا نہیں لگتا،ہمیں اپنی خامیوں پر قابو پانے کیلیے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی، امید ہے کہ انگلینڈ سے میچ میں مسائل کا شکار ہونے کے بجائے مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے لندن میں فائنل کھیلنے کیلیے جائینگے،سیمی فائنل کے حوالے سے انگلینڈ کی قوت کو سامنے رکھتے ہوئے پلاننگ کرینگے، بھارت کیخلاف میچ میں شکست پر اعصاب شل نظر آرہے تھے لیکن سب مل کر بیٹھے اور نئے عزم کیساتھ جنوبی افریقہ سے مقابلے کیلیے خود کو تیار کیا،اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے۔

مقبول خبریں