رواں مالی سال 32 سو ارب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے چیئرمین ایف بی آر

سی پیک سے ملکی ٹیکس پالیسی نہیں بدلے گی، ٹیکس نیٹ ورک بنا تو احتساب سب کا احتساب ممکن ہوسکے گا، چیئرمین ایف بی آر


Numainda Express June 29, 2017
ایف بی آر پر ریکارڈ ٹیمپر کرنے کا الزام نہیں، جے آئی ٹی کو جو تعاون اورمعلومات درکار ہیں فراہم کر دیں گے، خطاب۔ فوٹو: فائل

چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا ہے کہ جاری مالی سال کے دوران ہمیں 3500 ارب روپے کا ہدف دیا گیا تھا جس میں سے ہم اب تک 3200 ارب وصول کرچکے ہیں۔

پشاور میں کسٹم ہاؤس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلیے قانون سازی کی گئی ہے تاہم جاری مالی سال کے دوران ہمیں 3500 ارب روپے کا ہدف دیا گیا تھا جس میں سے ہم اب تک 3200 ارب وصول کرچکے ہیں جبکہ 30 جون تک ہدف حاصل کرلیا جائیگا۔

ڈاکٹر محمد ارشاد کا کہنا تھا کہ ہم اضلاع کی سطح پر ٹیکس وصولی کے نظام کی بہتری کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، براہ راست ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ ہوگا تو عوام کو بالواسطہ ٹیکسوں میں چھوٹے دینے کی راہ ہموار ہوگی، اسی لیے ہم ضلعی ٹیکسیشن افسروں کو اختیارات اور انفرااسٹرکچر دے رہے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور سی پیک منصوبے سے ملک میں60 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ سی پیک کی وجہ سے ملک کی ٹیکس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ فوج سمیت ملک کے تمام چھوٹے، بڑے ادارے قوم کے ٹیکس پیسے ہی سے چلتے ہیں اسی لیے ٹیکس کے نظام میں موجود خامیوں کو دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔جب نیٹ ورک بنے گا تو مجھ سمیت سیاسی اور غیر سیاسی سب لوگوںکو احتساب ممکن ہوگا۔

چارسدہ میں ایف بی آر آفس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ارشاد خان نے کہا کہ ٹیکس چوری پر قابو پایا گیا تو مزید نئے ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔بارڈر پرکسٹم ہاؤس کے قیام سے ٹیکس ریکوری میں بہتری آئیگی۔ ٹیکس چوری پر قابو پانے کیلیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں، ٹیکس کے نظام کو مزید شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر پر ریکارڈ ٹیمپر کرنے کا کوئی الزام نہیں، جے آئی ٹی کو ہم سے جو بھی تعاون اورمعلومات درکار ہوں گی وہ ہم فراہم کر دیں گے۔

مقبول خبریں