انٹرنیشنل کرکٹ میں معاوضوں کے حوالے سے زیادہ عدم توازن موجود

سرفراز احمد کا معاوضہ آئرلینڈ کے ٹاپ پلیئر سے کم،اسٹیون اسمتھ سب سے آگے


Sports Desk October 27, 2017
بنگلادیشی کوچ کی مکی آرتھر سے زیادہ تنخواہ، پاکستانی آفیشل چھٹے نمبر پرموجود۔ فوٹو : فائل

KARACHI: انٹرنیشنل کرکٹرز کے معاوضوں میں بھی اونچ نیچ کی تفریق موجود ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ برادری میں معاوضوں کے حوالے سے بہت زیادہ عدم توازن پایا جاتا ہے، خاص طور پر بات اگر کپتانوں کی کی جائے تو ان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

''کرک انفو'' کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسمتھ اس فہرست میں 1.469 ملین ڈالر سالانہ معاوضے کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں، ان کے بعد انگلش ٹیسٹ کپتان جوئے روٹ کا نمبر ہے جو سال میں اپنے بورڈ سے 1.38 ملین معاوضہ حاصل کرتے ہیں، بھارتی کپتان کا ایک ملین سالانہ کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔ پاکستان کو رواں برس چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان سرفراز احمد اس لسٹ میں چھٹے نمبر پر ہیں اور ان کی کمائی صرف 3 لاکھ ڈالر سالانہ ہے۔

یہ رقم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے بورڈ کی جانب سے معاوضوں کی صورت میں ملتی ہے۔ اس میں فرنچائز ٹوئنٹی 20 لیگز سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل نہیں ہے، اگر لیگ کا معاوضہ اور مختلف اشتہارات کی آمدنی کو بھی مدنظر رکھا جائے تو پھر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا دنیا بھر میں کوئی بھی کرکٹر مقابلہ نہیں کرسکتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفراز سمیت پاکستان کے ٹاپ پلیئرز کا معاوضہ 74 ہزار 14 ڈالر ہے جو آئرلینڈ کے ٹاپ پلیئرز سے کم ہے، وہ سال کا 75 ہزار ڈالر وصول کرتے ہیں۔ زمبابوے اور بنگلہ دیش کے بورڈ تو اس بھی کم رقم ادا کرتے ہیں۔

پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو جو معاوضہ دیتا ہے آسٹریلوی بورڈ اس سے 1600 فیصد زیادہ ادائیگی کرتا ہے۔ پاکستان کی میچ فیسز بھی ٹاپ ٹیسٹ ممالک سے کہیں کم ہیں۔ کوچز میں روی شاستری سب سے زیادہ 1.17 ملین ڈالر معاوضہ لیتے ہیں، اس فہرست میں پاکستانی کوچ مکی آرتھر 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلادیش کے چندیکا ہتھورا سنگھے ان سے زیادہ 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر حاصل کرتے ہیں۔

مقبول خبریں