مہوش حیات نے امیتابھ بچن کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اپريل 2019
جب کشیدگی عروج پر ہو تو فلمیں پُل کاکام کرتی ہیں، مہوش حیات فوٹوفائل

جب کشیدگی عروج پر ہو تو فلمیں پُل کاکام کرتی ہیں، مہوش حیات فوٹوفائل

کراچی: نامورپاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو فلم میں پاکستانی بننے سے انکارکرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بگ بی کے اس اقدام نے سخت مایوس کیا۔

دوروز قبل بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی جانب سے پاک بھارت تعلقات پرمبنی فلم میں پاکستانی شخص کا کردارادا کرنے سے انکارکرنے پر پاکستان میں موجود ان کے مداحوں کو سخت مایوسی ہوئی تھی۔ امیتابھ بچن کے چاہنے والوں کو امید نہیں تھی کہ وہ کشیدگی کے اس ماحول میں امن کا سفیر بننے سے انکارکردیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: امیتابھ بچن پاکستانی بننے کی حامی بھرنے کے بعد مکر گئے

امیتابھ کے اس اقدام سے مایوس ہونے والوں میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات بھی شامل ہیں جنہوں نے امیتابھ کے فیصلے پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگریہ خبر درست ہے تو امیتابھ کے اس اقدام سے سخت مایوسی ہوئی ہوں۔ فلموں میں ایک دوسرے کو آپس میں جوڑنے کی طاقت ہوتی ہے، جب کشیدگی عروج پر ہو تو فلمیں پُل کا کام کرتی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ بالی ووڈ کے مستقبل کے بارے میں جذباتی گفتگوسے پہلے ہم احتیاط سے کام لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے آسکرایوارڈ یافتہ ساؤنڈ ڈیزائنرریسول پوکوٹی نے ہدایت کاری کے میدان میں ڈیبیو کرتے ہوئے پاک بھارت تعلقات پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں  امیتابھ بچن کو پاکستانی شخص کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم ابتدا میں بگ بی اپنے کردار کو لے کر بہت پُرجوش تھے لیکن پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے بعد امیتابھ اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے اورپاکستانی بننے سے ہی انکار کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔