عدنان صدیقی نے ملی نغمے کی دھن بجا کر ایوارڈ تقریب اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  پير 7 اکتوبر 2019
نغمے کی دھن پر محفل میں بیٹھے تمام ہی شائقین اور مہمان عدنان صدیقی کے ساتھ ہم آواز ہوگئے (فوٹو: فائل)

نغمے کی دھن پر محفل میں بیٹھے تمام ہی شائقین اور مہمان عدنان صدیقی کے ساتھ ہم آواز ہوگئے (فوٹو: فائل)

ہوسٹن: معروف اداکار و ہدایت کار عدنان صدیقی نے ہم ایوارڈ کی تقریب میں قومی نغمہ ’ یہ وطن تمھارا ہے‘ کی دھن بجا کر ایوارڈ تقریب اپنے نام کرلی۔

ان دنوں امریکی شہر ہیوسٹن ساتویں ہم ایوارڈز کی تقریب کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں پاکستان شوبز انڈسٹری کی تمام نامور شخصیات موجود ہیں۔ تقریب میں بہت سے فنکاروں نے اپنے جوشیلی پرفارمنس دکھا کر شائقین سے داد سمیٹی وہیں کئی فنکار ایسے بھی ہیں جنہوں نے منفرد پرفارمنس کے ذریعے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

ایوارڈ کی تقریب میں جہاں عاصم اظہر نے اپنے لباس کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا تودوسری جانب عدنان صدیقی نے بھی شہنشاہ غزل مہدی حسن کا مشہور نغمہ ’یہ وطن تمھارا ہے‘ کی دھن بجا کر محفل میں سماں باندھ دیا۔

عدنان صدیقی نے بانسری کے ذریعے نغمے کی دھن بجائی تو محفل میں بیٹھے تمام ہی شائقین اور مہمان اداکار کے ساتھ ہم آواز ہو گئے۔ ویڈیو میں عدنان صدیقی دھن بجاتے ہوئے آبدیدہ بھی نظر آئے جو کہ وطن سے محبت کی عکاسی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری ہونے کی بعد لوگوں نے اداکار کے فن کی خوب تعریف کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔