عدالتی حکم پرسلطان کی قبر کشائی کر کے پوسٹ مارٹم کر لیا گیا

بھائی کو جائیداد کے تنازع پر زہر دے کر قتل کیا گیا، سلطان بیرون ملک سے آئے تھے، بہن عائشہ


Staff Reporter January 31, 2018
مقتول کے اعضا کیمیائی تجزیے کیلیے محفوظ کر لیے گئے، مقدمے میں 5 ملزمان ضمانت پر ہیں

شاہ فیصل کالونی میں جائیداد کے تنازع پر سلطان قادری کے مبینہ قتل کے بعد عدالت کے حکم پر مجسٹریٹ کی نگرانی میں قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا گیا اور وجہ موت کے تعین کے لیے مقتول کے اعضا کمیائی تجزیے کے لیے محفوظ کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 11 دسمبر 2017 کوشاہ فیصل کالونی تھانے میں عدالتی حکم پر محمود آباد کی رہائشی خاتون رضویہ اصغر زوجہ اصغرعلی کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 384/2017 بجرم دفعہ 302/34 کے تحت درج کیا گیا تھا جس میں خاتون نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا تھا کہ ان کا بھائی سلطان قادری ولد الجاج پیر نیاز جوکہ مکان نمبر 1/102 میں رہائش پذیر تھا اور 27 ستمبر2017 کو ان کی بہن عائشہ نے فون پر اطلاع دی ان کے بھائی کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ فوراً بھائی کے گھر پہنچی تو انھوں نے دیکھا کہ ان کے بھائی کے ہونٹ نیلے ہو چکے ہیں اور منہ سے جھاگ نکل رہے تھے اور میری بہن عائشہ اور میری بھابھی سیما موجود تھے۔

انھوں نے مجھے بھائی کا پوسٹ مارٹم کرانے سے سختی سے منع کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اسی دوران ایک نامعلوم خاتون آئی اور مجھے پتہ چلا کہ اسی عورت نے میرے بھائی کو چائے پلائی تھی جس کے بعد میرے بھائی کی طبیت خراب ہوئی تھی اور ان کے بھائی کا انتقال ہوگیا خاتون نے الزام عاید کیا ہے کہ ان کے بھائی کو ان کے بھتیجے فیصل، بھابھی سیما، ملازم رمضان، انیس اور نامعلوم خاتون نے مل کر زہر دیا۔

جس سے ان کے بھائی کی موت واقع ہوگئی لہٰذا ان کی درخواست ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود شاہ فیصل کالونی نمبر ایک حضرت شاہ نیازاحمد قادری نقشبندی کے مزارکے احاطے میں عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے جوڈیشنل مجسٹریٹ کی نگرانی میں میڈیکل بورڈ کی جانب سے قبر کشائی کی گئی اس موقع پر ڈی ایس پی انورعلی شاہ، ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی حاجی اسحاق اور تفتیشی افسران موجود تھے، مبینہ طور پر قتل کیے گئے۔

سلطان قادری کی بہن رضیہ اصغر نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے بھائی کو جائیداد کے تنازع پر چائے میں زہر دے کر قتل کیا گیا ہے انھوں نے بتایا کہ ان کا بھائی 2 سال قبل بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا مقتول کی وصیت کے مطابق اس کی تدفین والد کے مزار کے احاطے میں کی گئی خاتون کا کہنا ہے کہ انھیں انصاف فراہم کیا جائے اورجو بھی ان کے بھائی کے قتل میں ملوث ہے اسے گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

بعدازاں مقتول کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا گیا وجہ موت کے تعین کے لیے مقتول کے اعظا کیمیائی تجزیے کے لیے محفوظ کر لیے گئے اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ کیمیائی تجزیاتی رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ بات واضح ہوگی کہ سلطان قادری کو قتل کیا گیا یا پھران کی طبی موت واقع ہوئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ عدالتی احکام پر درج مقدمے کے بعد پولیس نے مقدمے میں نامزد2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جبکہ دیگر3 ملزمان نے عدالت سے ضمانت کرالی تھی اب پانچوں ملزمان ضمانت پر ہیں تفتیش جاری ہے۔

مقبول خبریں