میر ہزار بجارانی اور اہلیہ کی پراسرار موت

سندھ کی پیدا شدہ صورتحال میں اس المناک واقعہ سے سیاسی حلقوں میں شدید صدمہ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے۔


Editorial February 02, 2018
سندھ کی پیدا شدہ صورتحال میں اس المناک واقعہ سے سیاسی حلقوں میں شدید صدمہ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ فوٹو: فیس بک فریحہ رزاق

سندھ کے بجارانی قبیلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ممتاز رہنما صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کے انتقال کی اطلاع انتہائی المناک ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگرسینئر پارٹی رہنماؤں نے اس پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے تاہم سندھ کی پیدا شدہ صورتحال میں اس المناک واقعہ سے سیاسی حلقوں میں شدید صدمہ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے ان کی لاشیں ڈیفنس کراچی کے علاقے میں گھر سے ملیں، ان کے انتقال کی ابتدائی اطلاع 15 ہیلپ لائن نے مہیا کی، میڈیا کے مطابق صوبائی وزیر کے پرائیویٹ سیکریٹری اللہ ورایو نے تصدیق کی ہے کہ میر ہزار خان بجارانی مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

میر ہزار خان بجارانی کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق دونوں کے جسموں پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا۔ مرحوم پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تھے۔ میر ہزار خان بجارانی وزیر تعلیم اور وزیر صنعت و پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔


مرحوم جون 2013 سے فروری 2018 تک سندھ اسمبلی کے ممبر رہے۔ اس سے قبل وہ 1990ء سے 1993ء اور بعد ازاں 1997ء سے 2013ء تک قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے تھے۔ میر ہزار خان بجارانی 10 جولائی 1946 کو کرم پورمیں پیدا ہوئے۔ انھوں نے نیشنل کالج کراچی سے بی اے اور پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ وہ ایک پروفیشنل وکیل تھے اور ایل ایل بی کی ڈگری سندھ مسلم لاء کالج سے حاصل کی تھی۔ وہ 1974ء میں پہلی بار رکن صوبائی اسمبلی سندھ منتخب ہوئے۔

1977ء کے عام انتخابات میں بھی وہ سندھ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔1988ء میں سینیٹ آف پاکستان کے لیے منتخب ہوئے۔ وہ پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے 1990ء کے عام انتخابات میں حلقہ NA-157 (جیکب آباد) سے منتخب ہوئے۔ بعد ازاں اسی سیٹ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن کی حیثیت سے 1997ء میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

مقبول خبریں