پاور پلے کے دوران کفایتی بولنگ میں محمد عامر سرفہرست

پیسر نے 2016سے اب تک سب سے کم 5.31 رنز فی اوور دیتے ہوئے 8شکار کیے


Sports Reporter April 04, 2018
گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل 7سیریز فتوحات حاصل کرنے والی واحد ٹیم۔ فوٹو : فائل

محمد عامر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاور پلے کے دوران کفایتی بولنگ میں سرفہرست آگئے۔

پاور پلے میں کفایتی بولنگ کرنے والے بولرز کی فہرست میں محمد عامر پہلے نمبر پر آ گئے، 2016 سے اب تک کھیلے جانے والے میچز میں پاکستانی پیسر نے 5.31 فی اوور دیتے ہوئے 8وکٹ لئے ہیں، متحدہ عرب امارات کے محمد نوید 5.97 کی ایوریج سے 6 شکار کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔

بھارتی بھونیشور کمار 6.12، سری لنکن اینجیلو میتھیوز 6.26، عماد وسیم 6.47، جسپریت بمرا 6.50، سیموئل بدری 6.67، اشیش نہرا 6.69، تسکین احمد 6.84 کا اکانومی ریٹ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

پاورپلے میں سب سے زیادہ 15 شکار اشیش نہرا نے کیے، جسپریت بمرا 11 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، بھونیشور کمار 9 تیسرے نمبر پر ہیں۔

محمد عامر کا ہوم گراؤنڈز پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ریکارڈ شاندار رہا ہے، پیسر نے لاہور میں سری لنکا کیخلاف میچ میں13رنز دیکر 4وکٹیں لیں، ویسٹ انڈیز کے مقابل کراچی میں انھوں نے اتوار کو صرف 3رنز دیے اور 2شکار کئے،پیر کو دوسرے میچ میں 22رنز کے بدلے میں 3پلیئرزکو پویلین بھیجا۔

محمد عامر نے پاکستان میں گذشتہ 3میچز میں 10اوورز کیے اور 38رنز دے کر 9وکٹیں اڑانے میں کامیاب ہوئے،تیسرے میچ میں انھیں آرام دیا گیا، گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مسلسل 7سیریز فتوحات حاصل کرنے والی واحد ٹیم کے طور پر اپنا نام درج کرایا ہے،ویسٹ انڈیز نے 2012-13میں مسلسل 5سیریز جیتیں۔

پاکستان نے اس سے قبل 2009میں 4سیریز اپنے نام کی تھیں،انگلینڈ 2014-15میں اتنی بار سرخرو ہوا جبکہ گذشتہ سال سے اب تک بھارتی ٹیم نے بھی مسلسل 4سیریز جیتی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں