گجرات میں طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم ایک طالب علم جاں بحق

پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی


ویب ڈیسک September 13, 2018
تصادم کے دوران طلباء گروپوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ فوٹو : فائل

2 طلبا گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گجرات کے گورنمنٹ سویڈش کالج میں 2 طلباء گروپوں کے درمیان معمولی بات پر تصادم ہوگیا۔ اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب تصادم کے دوران فائرنگ ہوگئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 11 طلبا زخمی ہوگئے جنہیں عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا جب کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔

طلباء گروپوں میں تصادم کے بعد پولیس کی بھاری نفری کالج میں پہنچ گئی اور طالب علموں کو منتشر کردیا تاہم واقعے میں کسی طالب علم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔

مقبول خبریں