کراچی میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

بارش تھمنے کے 24 گھنٹوں بعد قدرے خنک ہوائیں چلنے اور درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک January 30, 2019
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران و افغانستان کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران و افغانستان کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے، مغربی سسٹم کی وجہ سے دن بھر کراچی کی فضاؤں پر گہرے بادلوں کا راج رہا، جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا، اور خنکی میں اضافے کی وجہ سے شہرمجموعی درجہ حرارت میں گزشتہ چند روز کے مقابلے میں سے 3 ڈگری کمی رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے دن شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 جب کہ زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ شہر میں بہت زیادہ تیز بارشوں کا امکان نہیں، تاہم گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے، اور بارش تھمنے کے 24 گھنٹوں بعد قدرے خنک ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت مزید گرسکتا ہے۔

 

مقبول خبریں