میکال ذوالفقار کی ’شیردل‘ نے ’لال کبوتر‘ کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  اتوار 24 مارچ 2019
فلم ’’شیردل‘‘ریلیز کے پہلے روز ایک کروڑ 15 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے فوٹوفائل

فلم ’’شیردل‘‘ریلیز کے پہلے روز ایک کروڑ 15 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے فوٹوفائل

کراچی: یوم پاکستان کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلمیں ’’شیردل‘‘ اور ’’لال کبوتر‘‘ پاکستانی باکس آفس پر اچھا بزنس کررہی ہیں تاہم میکال ذوالفقار کی فلم’’شیردل‘‘ نے منشا پاشا کی فلم’’لال کبوتر‘‘ کو ریلیز کے پہلے روز پیچھے چھوڑدیا۔

22 مارچ کو اداکار میکال ذوالفقار اور ارمینا خان کی حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور فلم ’’شیر دل‘‘ جب کہ اداکارہ منشا پاشا اوراحمد علی اکبر کی کرائم تھرلر فلم ’’لال کبوتر‘‘ نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ بھارتی فلموں پر پابندی کے باعث دونوں فلمیں پاکستانی شائقین کو سینما تک لانے میں کامیاب رہیں۔ تاہم فلم ’’شیردل‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز ایک کروڑسے زائد کا بزنس کرکے ’’لال کبوتر‘‘ کو پیچھے چھوڑدیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میکال ذوالفقار کا ماہرہ خان کے لیے پسندیدگی کا اظہار

باکس آفس ڈیٹیلز اور انٹرٹنمنٹ پی کے کے مطابق فلم ’’شیردل‘‘ ریلیز کے پہلے روزمجموعی طور پر ایک کروڑ 15 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے، یہ 2019 میں ریلیز ہونے والی کسی بھی فلم کا اب تک کا پہلے دن کا سب سے زیادہ بزنس ہے اس سے قبل بالی ووڈ فلم ’’گلی بوائے‘‘ریلیز کے چار روز میں ایک کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  میکال ذوالفقار کی بھارت کو وارننگ

دوسری جانب اداکار احمد علی اکبر اورمنشا پاشا کی کراچی کے گرد گھومتی کرائم تھرلر فلم ’’لال کبوتر‘‘ بڑے اداکاروں کی غیرموجودگی کے باعث شائقین کی زیادہ تعداد کو متوجہ نہ کرسکی، فلم ریلیز کے پہلے روزصرف 30  لاکھ کمانے میں کامیاب رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔