ورلڈ کپ سے قبل الیکس ہیلز ’ پراسرار حالات ‘ کا شکار

کاؤنٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے ڈومیسٹک میچ کھیلنے سے انکار کردیا


Sports Desk April 21, 2019
کاؤنٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے ڈومیسٹک میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ورلڈ کپ سے قبل انگلش بیٹسمین الیکس ہیلز 'پراسرار حالات' کا شکار ہوگئے، انھوں نے اپنی کاؤنٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے ڈومیسٹک میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔

انگلینڈ نے چند روز قبل اپنے جس ابتدائی 15 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اس میں الیکس ہیلز بھی موجود تھے مگر گذشتہ روز اچانک انھوں نے ناٹنگھم شائر کی جانب ون ڈے لندن کپ کا ابتدائی میچ کھیلنے سے انکار کردیا، انھوں نے اپنی دستبرداری کی وجہ 'ذاتی اسباب' کو قرار دیا ہے۔

ہیلز گذشتہ 4 برس کے دوران مستقل مزاجی سے انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں پرفارم کرتے رہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں انھیں جیسن روئے اور جونی بیئر اسٹو کے بیک اپ کیلیے استعمال کیا جانے لگا تھا۔ آئندہ ہفتے انگلینڈ کے ون ڈے کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ ہے جس کے بعد وہ آئرلینڈ سے واحد میچ کے بعد پاکستان کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلیں گے جبکہ ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کی مہم کا آغاز 30 مئی سے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے ہوگا۔

ناٹنگھم شائر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکس ہیلز نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سلیکشن کیلیے عدم دستیابی ظاہر کی اور اس کی واپسی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔

یاد رہے کہ ہیلز نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے بعد ابھی تک کسی قسم کی کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی۔ گذشتہ ماہ انھوں نے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی جانب سے عمدہ کھیل اور توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

 

مقبول خبریں