سندھ میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے پربچہ جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2019
شکارپورسمیت ڈویژن بھر میں ویکسین کی کمی ہے، انچارج اے آر وی سینٹر- فوٹو: سوشل میڈیا

شکارپورسمیت ڈویژن بھر میں ویکسین کی کمی ہے، انچارج اے آر وی سینٹر- فوٹو: سوشل میڈیا

لاڑکانہ: سندھ میں ویکسین نہ ملنے کے سبب کتے کے کاٹنے پر بچہ تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شکارپور میں سگ گذیدگی کی ویکسین نہ ملنے پر ایک اور معصوم بچہ تڑپ تڑپ کر زندگی کی بازی ہار گیا، شکارپور کے گاؤں داؤد ابڑو کے رہائشی محنت کش صفدر ابڑو کے 10 سالہ بیٹے میر حسن نے ویکسین نہ ملنے پر کمشنر آفیس کے سامنے فرش پر دم توڑا۔

بچے کی موت پر غم سے نڈھال والد کا کہنا تھا کہ بچے کو شکارپور، سلطان کوٹ اور دیگر مقامات پر لے کر گئے لیکن داد رسی نہ ہو سکی۔

https://twitter.com/kamran_se/status/1174008140528082944

اے آروی سینٹر کے انچارج ڈاکٹر نور الدین قاضی کا کہنا تھا کہ شکارپور، جیکب آباد سمیت ڈویژن بھر میں ویکسین کی کمی ہے، ویکسین نہ ملنے سے مرض بگڑ چکا تھا اس نے اب دو دن ہی زندہ رہنا تھا کیوں کہ اس کا اثر10  سالہ میر حسن کے دماغ پرہوچکا تھا۔

دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بچے کوڈسٹرکٹ شکارپورکے گاؤں مبارک ابڑومیں کتے نے کاٹا لیکن اس کے بعد اس کے والدین وہاں کے کسی اسپتال میں اس کوعلاج کی غرض سے نہیں لے کرگئے۔ سعید غنی نے گفتگو میں مزید کہا کہ بچے کوشدید انفیکشن کے باعث انجکشن دینا ٹھیک نہیں تھا، بچے کے والدین نے کراچی لے جانے کی ضد کی جس پر ڈاکٹروں نے مشورہ دیا کہ اس حالت میں اسے کراچی نہ لے جایا جائے تاہم بچے کو ایمبولینس میں کراچی روانہ کیا ہی جارہا تھا کہ اس کا انتقال ہوگیا جب کہ بچے کو 40 روز قبل ہی انجیکشن لگوا لیتے تو اس کی جان بچائی جاسکتی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔