دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں امن قائم ہونے کا بھارتی بیان مسترد کردیا

اگر امن قائم ہوگیا تو مقبوضہ وادی میں معمول کی صورتحال دنیا کی نظروں سے کیوں اوجھل ہے؟ ترجمان


ویب ڈیسک November 17, 2019
اگر امن قائم ہوگیا تو مقبوضہ وادی میں معمول کی صورتحال دنیا کی نظروں سے کیوں اوجھل ہے؟ ترجمان (فوٹو: فائل)

پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے فرانسیسی اخبار کو دیے گئے انٹرویو کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، اگر وہاں امن قائم ہوگیا ہے تو مقبوضہ وادی میں معمول کی صورتحال دنیا کی نظروں سے کیوں اوجھل ہے؟

ترجمان نے کہا کہ دراصل بھارت جبر کے باوجود کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام رہا ہے،بھارت میں ریاست کی سرپرستی میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیزی جاری ہے۔

ترجمان ڈاکٹر فیصل نے پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کے الزام پر کہا کہ فرانسیسی اخبار کو انٹرویو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کا حصہ ہے، پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کرتا ہے، دہشت گردی کے لیے پاکستان بھیجا گیا کمانڈر کلبھوشن یادیو بھارت کا اصل چہرہ ہے، بھارت پاکستان مخالف جنون ختم کرکے حقیقت کا سامنا کرے۔

مقبول خبریں