نااہل حکومت کی پیدا کردہ مشکلات ختم کرنے کیلئے ایک نسل درکار ہوگی شہباز شریف

حکومت نے ہمارے مستقبل کو گروی رکھ دیا ہے، صدر مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک February 06, 2020
حکومتی اقدامات کی وجہ سے معیشت سست روی کا شکار ہے، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نااہل اور بے خبر نیازی حکومت کی پیدا کردہ مشکلات کے خاتمے کے لئے ایک نسل درکار ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صرف 18 ماہ میں 11 ہزار بلین کا ریکارڈ قرض لیا، حکومت کی جانب سے لیا جانے والا قرض 70 سالوں میں ہونے والے تمام قرضوں کے 30 فیصد سے زیادہ ہے، حکومت نے ہمارے مستقبل کو گروی رکھ دیا ہے، سوال ہے کہ یہ سارا پیسہ کہاں ہے اور کہاں جا رہا ہے، نااہل اور بے خبر نیازی حکومت کی پیداکردہ مشکلات کے خاتمے کے لئے ایک نسل درکار ہوگی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جی ڈی پی کا 8.9 فیصد خسارہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ تھا، حکومت کا ارادہ ہے کہ تقریبا 9.5 فیصد کا خسارہ چلایا جائے جس مطلب مزید مہنگائی اور مزید قرضوں کا انبار ہوگا، حکومت کو چاہیے کہ وہ آئی ایم ایف سے ٹیکس وصولی کے اہداف کو 800 ارب روپے سےکم کرنے کا مطالبہ کرے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے معیشت سست روی کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں ایک ملین سے زیادہ افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں، انکم سپورٹ پروگرام اور ترقیاتی اخراجات میں تیزی سے کمی کی گئی ہے، لاکھوں افراد غربت کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، آٹا بحران پیدا کر کے مافیا نے فائدہ اٹھایا، غریبوں کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا گیا۔

 

مقبول خبریں