پریمیئر فٹبال واپڈا نے کے پی ٹی کو 31 سے شکست دیدی

کراچی میں منعقدہ ایونٹ کے دیگر تینوں میچز میں ہار جیت کا فیصلہ نہیں ہوسکا


Sports Reporter November 21, 2013
کراچی میں منعقدہ ایونٹ کے دیگر تینوں میچز میں ہار جیت کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ فوٹو: فائل

10ویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں واپڈا نے کے پی ٹی کو3-1سے شکست دے کر دوسری پوزیشن پرقبضہ جمالیا، بدھ کوکراچی میں منعقدہ دیگر تینوں میچز میں ہار جیت کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی بینظیر اسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پر پہلے ہاف کے خاتمے تک واپڈا کو1-0 کی برتری حاصل تھی، یہ گول28ویں منٹ میں حسنین عباس نے کیا، 69ویں منٹ میں ایک موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عارف محمود نے گول داغ کر سبقت دگنی کردی،6منٹ بعد کے پی ٹی کے محمد نے گول کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ کم کیا،82 ویں منٹ میں واپڈا کے محمد احمد نے گیند جال میں پھینک کر مقابلہ3-1 کر دیا، یہ اسکور حتمی ثابت ہوا، فتح کے نتیجے میں واپڈا کی ٹیم14میچز میں25پوائنٹس لے کر دوسری پوزیشن پرآگئی،کے پی ٹی کی ٹیم16 میچز میں 22پوائنٹس حاصل کرکے7 ویں پوزیشن پر ہے،اسی میدان پر افغان ایف سی چمن اور پی اے ایف کے درمیان میچ کسی گول کے بغیر برابر رہا،مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔



ریفری نے افغان ایف سی کے فضل حق (45) اور عبدالقاہر (50) کو یلوکارڈ دکھائے، حریف ٹیم کے محمد عارف (72)کو بھی یہ خفت اٹھانی پڑی، کورنگی بلوچ اسٹیڈیم پر پی آئی اے اور پاکا کا مقابلہ کسی گول کے بغیر برابر رہا،دونوں جانب سے متعدد مرتبہ کوششوں کے باوجود کسی بھی ٹیم کوکامیابی نہ ملی، دوران میچ کسی بھی کھلاڑی کو بطور تنبیہ یلو کارڈ کا سامنا نہیں کرنا پڑا،میچ کمشنر فیفا ریفری محمد اقبال جونیئر نے پاکا کے شہاب احمدکو بہترین کھلاڑی قرار دیا،کے ایم سی اسٹیڈیم میں مسلم ایف سی اوراین بی پی کے درمیان مقابلہ1-1سے برابررہا، کھیل کے5 ویں منٹ ہی میں مسلم کلب کے حیات اللہ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی مگر 37ویں منٹ میں محمد آصف نے گیند جال میں پھینک کر مقابلہ 1-1 کردیا، بعد میں کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کر سکی،ریفری نے مسلم ایف سی کے حکمت اللہ (33) اور قیوم جان (41)، این بی پی کے عبدالعزیز (45) اور فاروق شاہ (62)کو یلو کارڈ دکھائے۔

مقبول خبریں