ملک کے بیشترحصوں میں لاک ڈاؤن کے بعد کاروباری سرگرمیاں شروع

بڑی ٹرانسپورٹ شروع نہ ہونے سے ویگن، سوزوکی کیری ڈبہ گاڑیوں کی چاندی ہوگئی ہے


ویب ڈیسک May 18, 2020
صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک کاروبار کی اجازت ہے۔ فوٹو: فائل

ملک کے بیشترحصوں میں لاک ڈاؤن کے بعد کاروباری سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب، سندھ اورخیبرپختونخوا میں لاک ڈاؤن کے 3 روزبعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں جب کہ پنجاب اورخیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹ بھی کھل گئی ہے۔

راولپنڈی میں بھی چھوٹے بڑے 45 ٹرانسپورٹ اڈے کھل گئے تاہم ٹرانسپورٹ کا پہیہ جزوی طور پر چل رہا ہے جب کہ شہر میں بڑے ٹرانسپورٹ اڈے کھلے لیکن گاڑیاں سڑکوں سے غائب ہیں۔

حکومت پنجاب نے ایس اوپی کے ساتھ ٹرانسپورٹرزکو انٹرسٹی بسیں چلانے کی اجازت دی تھی اور پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث کرایوں میں بھی 20 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا لیکن لیکن ٹرانسپورٹرز کے انکار کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں کے لیے چلنے والی بسیں اڈے سے غائب ہیں۔

اس متعلق ٹرانسپورٹرزکا کہنا ہےکہ کرایوں میں 20 فیصد اور سواریوں میں 40 فیصد کمی منظور نہیں۔ یہ کمی اور 10 ہزار ٹال ٹیکس گھاٹے کا کاروبار ہے جب کہ کرائے کمی کے نوٹیفیکیشن واپسی تک ٹرانسپورٹ نہیں چلائی جائے گی جب کہ چلنے والی ٹرانسپورٹ میں سوشل ڈسٹنس کی مکمل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ سواریوں کے علاوہ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز بھی ماسک، گلوز کا استعمال نہیں کررہے۔ بڑی ٹرانسپورٹ شروع نہ ہونے سے ویگن ، سوزوکی کیری ڈبہ گاڑیوں کی چاندی ہوگئی ہے اورمسافروں سے من مانے کرایے وصول کئے جارہے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کی سیل ہونے ولای مارکیٹیں بھی کھول دی گئی ہیں۔ اس متعلق سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تاجر برادری کا رویہ بہتررہا اورایس او پیز کو فالو کیا گیا تو ہم مزید رعایت دے سکتے ہیں تاہم صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک ہی کاروبار کی اجازت ہے۔

مقبول خبریں