مضر صحت پانی فروخت کرنیوالے 11 ملزم گرفتار، 11 ٹینکر ضبط

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 جون 2020
اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئرنے منگھوپیرتھانے کے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔ فوٹو: فائل

اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئرنے منگھوپیرتھانے کے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔ فوٹو: فائل

کراچی: واٹربورڈکی ٹیم اور پولیس نے مضرصحت پانی فروخت کرنے والوں 11 ملزمان گرفتار کرکے مضر صحت پانی سے بھرے 11 ٹینکرز  قبضے میں لے لیے۔

ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے بلوچستان کے علاقہ ساکران اور ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں کے ساتھ کراچی کے مضافات میں پانی کے جوہڑوں سے مضرصحت اورکیمیکل ملا پانی بھر کرکراچی میں فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کے لیے آئی جی سندھ پولیس کو ایک مکتوب ارسال کیا تھا اور وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹربورڈ افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیکر انھیں مضرصحت پانی سے بھرے ٹینکروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔

گزشتہ روز ایم ڈی واٹربورڈ کے فوکل پرسن اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر ریحان اقبال نے منگھوپیر تھانے کے اہلکاروں کی مدد سے مضرصحت پانی سے بھرے ٹینکر کراچی لاکر فروخت کرنیوالے راشد ولد محمد شکور،محمد ایاز ولد بادشاہ خان، ایوب،قادر خان ،سلیمان ولد غلام،عالمگیر ولد لعل خان ،عبدالوہاب ولد عبدالرحمن، لیاقت ولد خان زیب سمیت 11ملزمان کو گرفتار کرکے10 وہیلرز سمیت 11 ٹینکرقبضے میں لے لیے ہیں،واٹربورڈ نے گرفتار ملزمان کے خلاف منگھوپیر تھانے میں مقدمات درج کرادیے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایات پر گزشتہ دنوں بھی واٹربورڈ کی ٹیموں اور پولیس نے مشترکہ طورپر پیرآباد ،منگھوپیر اور سعیدآباد،بن قاسم ،اسٹیل ملز تھانوں کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے 25ملزمان کو گرفتار کرکے مضر صحت پانی سے بھرے 25ٹینکرز قبضے میں لیے تھے اور گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرائے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔