سری لنکا میں اسمگلنگ کے الزام میں قید بلی جیل سے فرار

ویب ڈیسک  منگل 4 اگست 2020
بلی کی گردن پر بندھی پلاسٹک میں ہیروئن، اور سم کارڈز موجود تھے، فوٹو : فائل

بلی کی گردن پر بندھی پلاسٹک میں ہیروئن، اور سم کارڈز موجود تھے، فوٹو : فائل

کولمبو: سری لنکا کی ایک جیل میں مبینہ طور پر منشیات اور موبائل فون سِم کارڈز اسمگل کرنے کے الزام میں قید بلی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے  کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کی ویلی کاڈا جیل سے ایک ایسی بلی فرار ہوگئی ہے جسے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں ثبوت کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بلی کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے تاہم بلی کو حراست میں نہیں لیا جا سکا ہے۔

بلی کو گزشتہ روز ہی کولمبو پولیس کے ایک آفیسر نے گرفتار کیا تھا، بلی کے گردن کے گرد ایک تھیلی بندھی ہوئی تھی جس کے اندر دو سم کارڈز، دو گرام ہیروئن اور ایک میموری چپ موجود تھی۔ بلی کو جیل کے اندر داخل ہونا تھا اور ایک قیدی اس بلی کو پکڑ کو یہ تھیلی لے لیتا تاہم اس سے قبل ہی بلی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

سری لنکا کی جیلوں میں اسیر قیدیوں کو منشیات اور موبائل فونز کی فراہمی کے لیے جانوروں اور ڈرون کا استعمال عام ہے اس کے علاوہ ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منشیات کی ترسیل کے لیے بھی جانوروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی  پولیس نے ایک عقاب کو پکڑا تھا جس کے ذریعے کولمبو کے مضافات میں منشیات ترسیل کی جا رہی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔