نیوزی لینڈ نے کرکٹ ٹیم کا دورہ کیوں منسوخ کیا، حقائق کا پتہ چل گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 ستمبر 2021
نیوزی لینڈ کو سیکیورٹی تھرٹ کی اطلاع فائیو آئیز نے دی تھی، فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کو سیکیورٹی تھرٹ کی اطلاع فائیو آئیز نے دی تھی، فوٹو: فائل

آکلینڈ: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے میچ کے آغاز سے چند گھنٹے پہلے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دورۂ پاکستان منسوخ کردیا تھا تاہم اب دورہ ختم کرنے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آکلینڈ سے شائع ہونے والے مؤقر اخبار ’’نیوزی لینڈ ہیرالڈ‘‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے دورۂ کرکٹ ٹیم کو عین موقع پر ختم کرنے کا فیصلہ ’’فائیو آئیز‘‘ کی انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ 5 ممالک کی انٹیلی جنس اتحاد کی تنظیم ’’فائیو آئیز‘‘ نے الرٹ جاری کیا تھا کہ ممکنہ طور پر اسٹیڈیم کے باہر نیوزی لینڈ ٹیم پر حملہ ہوسکتا ہے۔ نیوزی لینڈ میں ’’فائیو آئیز‘‘ کی رپورٹ کو مصدقہ اورقابل بھروسہ سمجھا جاتا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات پر دورہ پاکستان ختم کردیا

اخباری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فائیو آئیز کی جانب سے الرٹ ملنے پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پی سی بی کے چیئرمین کو ٹیلی فون کرکے دورے کی منسوخی کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان بھی رابطہ ہوا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم گرانٹ روبرٹسن نے بھی تصدیق کی تھی کہ یہ اطلاع قابل بھروسہ اور فوری اقدام کی متقاضی تھی تاہم نے انھوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کو پاکستان میں خطرات کی نوعیت کیا تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : نیوزی لینڈ نے کرکٹ ٹیم کا دورہ کیوں منسوخ کیا، حقائق کا پتہ چل گیا

واضح رہے کہ فائیو آئیز پانچ ممالک نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، امریکا اور برطانیہ کے خفیہ اداروں کے درمیان ایک اتحاد ہے جس میں ایک دوسرے سے خفیہ معلومات کا اشتراک کیا جاتا ہے اور یہ پانچوں ممالک ان معلومات کو کسی اور ملک کو نہ دینے کے پابند ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔