افغانستان جانا اب خطرناک: برطانیہ نے اپنے شہریوں کو سخت وارننگ جاری کر دی

برطانوی حکومت نے افغانستان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے


ویب ڈیسک December 17, 2025

افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال مزید خراب ہونے کے باعث برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے افغانستان کا سفر نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

افغان خبر رساں ادارے خاما پریس کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ نے تازہ ٹریول ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں پرتشدد واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ ملک بھر میں سیکیورٹی خطرات بدستور موجود ہیں۔

برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سرحدی راستوں کی بندش، محدود نقل و حرکت، اور سفارتی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث افغانستان کا سفر انتہائی خطرناک ہو چکا ہے۔ ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود برطانوی شہریوں کو گرفتاری، حراست اور طویل قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔

برطانوی حکومت نے افغانستان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کوئی شخص افغانستان جانے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ ممکنہ خطرات کا مکمل جائزہ لے۔

مغربی حکام کے مطابق طالبان حکومت کے قیام کے بعد افغانستان میں دہشت گردی کے خدشات، عدم استحکام اور سیکیورٹی مسائل میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں