امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر کی مریم نواز سے ملاقات

ویب ڈیسک  جمعرات 14 اکتوبر 2021
ملاقات میں دو طرفہ امور، ملکی و غیر ملکی معاملات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو:سوشل میڈیا

ملاقات میں دو طرفہ امور، ملکی و غیر ملکی معاملات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو:سوشل میڈیا

لاہور: امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر نے جاتی امرا میں جاکر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے  ملاقات کی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر رائے ونڈ جاتی امراء گئیں اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی۔ امریکی ناظم الامور کے ہمراہ لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے قونصل جنرل ولیم میکانول اور پولیٹیکل آفیسر خدیجہ کورے بھی  تھیں، جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویزرشید، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، طارق فاطمی اور بلال کیانی بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

 

مریم نواز اور امریکی ناظم الامور کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، دونوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال،  پاک امریکا تعلقات، عالمی وعلاقائی امن وسلامتی، خطے اور بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ کیا گیا، خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم وصحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر بھی بات کی گئی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے امریکی ناظم الامور کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اپنا قریبی ہمسایہ سمجھتے ہیں اور اس کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں،  افغانستان میں کسی مداخلت کے حامی نہیں، ہم افغان عوام، خواتین اور بچوں کے لئے امن، ترقی اور خوش حالی کے خواہاں ہیں، افغانستان کے عوام کی انسانی مدد کے لئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا، ایسی سازگار فضاء ناگزیر ہے جس میں لاکھوں افغان مہاجرین عزت ووقار کے ساتھ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں، نوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دیا اور پوری قوم کو اس عفریت کے خلاف متحد کیا، ہماری جماعت پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئےپرامن بقائے باہمی، جمہوریت و ترقی اور سلامتی پر مبنی ایجنڈے کے فروغ میں یقین رکھتی ہے، ہم جمہوریت اور جمہوری اصولوں کی نشوونما اور مضبوطی چاہتے ہیں، اس مقصد کے لئے دنیا بھر کے جمہوریت پسندوں کے ساتھ شریک کار ہونا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔