بھارت میں گستاخانہ بیانات پرعالم اسلام میں بے چینی پائی جاتی ہے چین

بھارت گستاخانہ بیانات سے پیدا ہونے والی صورتحال کا حل نکالے، ترجمان چینی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک June 14, 2022
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے گستاخانہ بیان دیا تھا، فوٹو: فائل

چین نے بھارت پر زور دیا ہے کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین کے بارے میں گستاخانہ تبصروں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کو مناسب طریقے سے حل کرے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے پریس بریفنگ میں بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف بھارتی مسلمانوں بلکہ اسلامی ممالک میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔

وانگ وینبن نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ مختلف تہذیبوں اور مختلف مذاہب کو ایک دوسرے کا احترام کرنے اور برابری کی بنیاد پرحقوق کی بات کی ہے۔ ہمیں تکبر اور تعصب کو ترک کرکے اپنی تہذیب اور دوسری تہذیبوں کے درمیان فرق کے بارے میں اپنی سمجھ کو درست کرنا چاہیے،

چین کے وزیر خرجہ وانگ وینبن نے مختلف تہذیبوں کے درمیان گفتگو، مکالمے اور ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ پیغمبرِ اسلام ﷺکے بارے میں نازیبا بیانات کی وجہ سے جو صورتِ حال پیدا ہوئی ہے، اُس میں جلد بہتری لائی جائے۔

 

مقبول خبریں