منکی پاکس کے ایک مریض کی ناک گلنا شروع ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اگست 2022
اینٹی وائرل ادویات کی خوراکوں کے بعد ناک کی تکلیف میں جزوی طور پر بہتری آئی

اینٹی وائرل ادویات کی خوراکوں کے بعد ناک کی تکلیف میں جزوی طور پر بہتری آئی

برلن: جرمنی میں منکی پاکس سے متاثر ایک شخص کی ناک گلنا شروع ہوگئی، حالیہ وباء میں ریکارڈ کیا جانے والا یہ معاملہ اپنی نوعیت کا سب سے تشویش ناک معاملہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ مریض (جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی) کچھ روز قبل اپنی ناک پر سرخ نشان کا معائنہ کرانے اپنے معالج کے پاس گیا تو اسے سن برن قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا۔

تین دن میں مریض کی ناک کی جِلد مردار ہوکر سیاہ ہونی شروع ہوگئی، جس کے بعد ناک پر تکلیف دہ کھرنٹ جم گیا۔ اسی دوران متاثرہ شخص کے جسم پر پس سے بھرے دانے بھی نکل آئے۔

ایک پی سی آر ٹیسٹ کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ منکی پاکس سے متاثر ہے جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا اور اینٹی وائرل ادویات کی خوراک دی گئی۔ مزید معائنوں سے علم ہوا کہ مریض سائیفلِس اور ایچ آئی وی سے بھی متاثر تھا۔

مریض کو انفیکشن کے علاج کے لیے دوائیاں دی گئیں جس سے زخم تو سوکھ گئے لیکن ناک کی تکلیف میں جزوی طور پر بہتری آئی۔ متاثرہ شخص نے طبی ماہرین کو بتایا کہ اس سے قبل اس نے کبھی جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشنز کے متعلق ٹیسٹ نہیں کرایا تھا۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کا معاملہ ایچ آئی وی کا علاج نہ کیے جانے کی وجہ سے انتہائی شدت اختیار کرچکا تھا جس کی وجہ سے ان کا مدافعتی نظام کمزور ہوچکا تھا جس کے سبب اسے نیکروسِس کا زیادہ خطرہ لاحق تھا۔

نیکروسِس ایک ایسی حالت ہوتی ہے جس میں ٹشو کسی انفیکشن کے سبب مردار ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔