میانمار میں فوجی طیاروں کا باغی تنظیم کی تقریب پر فضائی حملہ، 80 ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 25 اکتوبر 2022
فضائی حملے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے،حکام:فوٹو:فائل

فضائی حملے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے،حکام:فوٹو:فائل

ینگون: میانمار میں فوجی حکومت کے 3 لڑاکا طیاروں نے ایک تقریب پر بمباری کی جس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میانمار کی شمالی ریاست میں اقلیتی مزاحمتی گروپ کیچن کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا اور خواتین و بچے سمیت سیکڑوں افراد شریک تھے۔

ابھی تقریب جاری تھی کہ اچانک میانمار فوجی کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کردی جس میں ابتدائی طور پر 60 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات تھیں تاہم اب 80 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جن میں خواتین، بچے، مقامی گلوکار اور موسیقار بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب میانمار کی فوجی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملہ مقامی عسکری تنظیم کی تربیت گاہ پر کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں باغی جنگجو ہلاک ہوئے۔ فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کی خبریں بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔

واضح رہے کہ علیحدگی پسند کیچن گروپ میانمار کی آمر حکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک چلا رہا ہے اور ملکی فوج کے اہلکاروں سمیت فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔