اراکین پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حق میں نہیں ، عطا تارڑ

ویب ڈیسک  منگل 29 نومبر 2022
سب کا موقف ہے اسمبلیوں کو آئینی مدت پوری کرنا چاہیے،عطا تارڑ:فوٹو:فائل

سب کا موقف ہے اسمبلیوں کو آئینی مدت پوری کرنا چاہیے،عطا تارڑ:فوٹو:فائل

 لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اراکین پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

عطا تارڑ نے (ن) لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مشاورتی سلسلے میں عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ سمیت دیگر آپشنز زیر غور آئے۔پنجاب اسمبلی کے اراکین میں اضطراب پایا جاتا ہے اوروہ اسمبلی کی تحلیل کے حق میں نہیں۔ سب کا مؤقف ہے کہ اسمبلیوں کو آئینی مدت پوری کرنا چاہیے۔بہت جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل کا معاملہ بھی موجود ہے۔ہمارے کیس کو وقت پر نہیں سنا جاتا۔ لاہور ہائیکورٹ میں اسپیکر والا کیس پچھلے کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ گورنمنٹ کے بینچز  میں بیٹھے اراکین سے روابط تیز کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ آج ایسے وقت سے گزر رہے ہیں کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ حکومت میں رہیں اور حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم اسمبلیاں چھوڑ رہے ہیں۔ ہم پھر تجدید عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت، اداروں کی مضبوطی کے لئے اتحاد جاری رہے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔