نیپال طیارہ حادثہ خاتون پائلٹ کے پائلٹ شوہر بھی فضائی حادثے میں ہلاک ہوئے تھے

خاتون پائلٹ کے شوہر جہاز اُڑاتے ہوئے 16 سال قبل جملا کے مقام پر طیارہ حادثے میں ہلاک ہوئے تھے


ویب ڈیسک January 16, 2023
خاتون پائلٹ کی باقیات اب تک نہیں مل سکیں، فوٹو: بھارتی میڈیا

نیپال طیارہ حادثہ میں جان کی بازی ہار دینے والی خاتون پائلٹ کے شوہر بھی پائلٹ تھے اور وہ بھی 16 سال قبل اسی طرح کے فضائی حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال کی ایئر لائن کمپنی کے ترجمان سدرشن برٹولا نے بتایا کہ خاتون پائلٹ انجو کھٹیواڈا نے 16 سال قبل اپنے شوہر پائلٹ دیپک پوکھرل کی فضائی حادثے میں ہلاکت کے باعث ملنے والی انشورنس کی رقم سے جہاز اُڑانے کی تربیت حاصل کی تھی۔

اپنے شوہر کی طرح انجو کھٹیواڈا نے بھی پروفیشنل پائلٹ بننے کا اپنا خواب پورا کیا اور اسی ایئر لائن میں جاب کی جہاں ان کے شوہر بھی جہاز اُڑایا کرتے تھے اور 2006 میں جملا کے مقام پر طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : نیپال طیارہ حادثہ میں ہلاک مسافر کی فیس بک لائیو ویڈیو وائرل

ایئرلائن کمپنی کے ترجمان کے مطابق انجو کھٹیواڈا گزشتہ روز حادثے کا شکار ہوجانے والے طیارے میں بطور معاون پائلٹ موجود تھیں اور ان کے انسٹرکٹر ان کے ہمراہ تھے۔

اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 72 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے 68 کی لاشیں ملی ہیں جب کہ 4 کی تلاش جاری ہے۔ خاتون پائلٹ کی لاش بھی تاحال نہیں مل سکی۔

https://twitter.com/TurkeyUrdu/status/1614931389194899458?s=20&t=kiLveAYZPTZpTXXV0fzFfg

خیال رہے کہ طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے تاہم اب تک صاف موسم میں لینڈنگ سے محض ایک منٹ قبل گھاٹی میں گر کر تباہ ہونے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا۔

یہ خبر پڑھیں : نیپال میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 68 افراد ہلاک

طیارے کے ایک مسافر سونو جیسوال کی فیس بک لائیو ویڈیو بھی وائرل ہوگئی جس میں جہاز کے گرنے اور پھر اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھنے کے مناظر قید ہوگئے۔

واضح رہے کہ ایورسٹ جیسے دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں سے آٹھ پہاڑوں کے دیس نیپال میں طیاروں یا ہیلی کاپٹرز کے حادثوں میں 2000 سے لے کر اب تک تقریباً 350 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور زیادہ تر کی وجہ تیزی سے بدلتا موسم تھا۔

 

مقبول خبریں