عروج آفتاب نے خود کو ’پاکستانی‘ اور ’اردو گلوکارہ‘ کہنے پر اعتراض کردیا
2021 میں اپنے گانے ’محبت‘ پر گلوکارہ نے بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس کی کیٹیگری میں گریمی ایوارڈ جیتا تھا
گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ عروج آفتاب نے خود کو 'اردو' اور 'پاکستانی گلوکارہ' کہنے والوں پر ناراضی کا اظہار کیا جس پر سوشل میڈیا میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
2021 میں اپنے گانے 'محبت' پر گلوکارہ نے بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس کی کیٹیگری میں گریمی ایوارڈ جیتا تھا۔
عروج آفتاب نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ گلوکاروں کو ان کی نسل اور رنگ کے بجائے اس کی تخلیقی ورثے سے پہچانا جانا چاہئے۔ گلوکارہ کی ٹویٹ کے بعد مختلف قسم کا ردعمل سامنے آیا ہے، کچھ افراد نے ان کے موقف کی تائید کی جبکہ اکثریت نے عروج آفتاب کو اس پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بعض صارفین نے گلوکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ اپنی صلاحیت سے کامیابی کے اونچے سنگھاسن تک پہنچ جائیں تب بھی آپ کی شناخت آپ کی جڑوں سے ہی کی جائے گی۔
کچھ صارفین نے عروج آفتاب کو شرم دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی نسل اور جڑوں پر شرمندہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ اسے قبول کرنا چاہئے اور یہ ثقافتی لیبل ان کے فنکارانہ سفر میں ان کی طاقت کا ذریعہ بنے گا۔